محکمہ صحت خیبرپختونخوا نے صوبے بھر میں پولیو اور بچوں کو لگائے جانے والے حفاظتی ٹیکہ جات پروگرام کو مؤثر بنانے کیلئے 830 نئے ویکسینیٹرز بھرتی کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

 

محکمہ صحت کے مطابق یہ بھرتیاں ای پی آئی پروگرام کے تحت مالی سال 2025-26 کیلئے گریڈ 11 میں کی جائیں گی، جن کا مقصد پولیو، خسرہ، ہیپاٹائٹس اور دیگر بیماریوں سے بچاؤ کیلئے ویکسینیشن نظام کو مضبوط بنانا ہے۔

 

یہ بھی پڑھیے: طورخم بارڈر کھولنے کے مطالبے پر لنڈی کوتل کے مشران کا کمانڈنٹ خیبر رائفلز کے ساتھ جرگہ

 

حکام کے مطابق نئی بھرتیوں کیلئے 253.16 ملین روپے مختص کیے گئے ہیں جبکہ ہر ویکسینیٹر کیلئے ماہانہ 40 ہزار روپے تنخواہ مقرر کی گئی ہے۔ اضافی عملے کی تعیناتی سے خصوصاً دیہی اور دور دراز علاقوں میں بچوں کو بروقت حفاظتی ٹیکے لگانے میں مدد ملے گی۔

 

محکمہ صحت نے تمام اضلاع کو بھرتی کا عمل جلد مکمل کرنے کی ہدایت جاری کردی ہے جبکہ صوبائی حکومت کا کہنا ہے کہ یہ اقدام پولیو کے خاتمے اور صحت عامہ کے نظام کو مزید بہتر بنانے کی جانب اہم پیش رفت ثابت ہوگا۔