کمانڈنٹ خیبر رائفلز کے ساتھ لنڈی کوتل کے مشران کا ایک اہم جرگہ منعقد ہوا، جس میں افغانستان میں پھنسے ہوئے پاکستانی ڈرائیوروں، تاجروں، طلبہ اور گاڑیوں کی وطن واپسی کے لیے اقدامات اور طورخم بارڈر کے راستے آمدورفت کی اجازت کے معاملے پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
جرگہ مشران نے اپنے دستخطوں والی ایک مشترکہ تحریری درخواست آئی جی ایف سی نارتھ کے نام کمانڈنٹ خیبر رائفلز کو پیش کی، جس میں مطالبہ کیا گیا کہ افغانستان میں موجود پاکستانی شہریوں، تاجروں، طلبہ اور ڈرائیوروں کو فوری طور پر طورخم بارڈر کے ذریعے پاکستان واپس آنے کی اجازت دی جائے۔
یہ بھی پڑھیے: ہمارے معاشرے میں ذہنی امراض میں مبتلا افراد کا مذاق کیوں بنایا جاتا ہے؟
جرگہ اراکین نے کہا کہ بارڈر بند ہونے کی وجہ سے متعدد پاکستانی شہری مشکلات کا شکار ہیں جبکہ کاروباری سرگرمیاں بھی متاثر ہو رہی ہیں۔ مشران نے مطالبہ کیا کہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر پھنسے ہوئے افراد کی واپسی کو یقینی بنایا جائے۔
کمانڈنٹ خیبر رائفلز نے جرگہ ممبران کو یقین دہانی کرائی کہ ان کے مطالبات اور تحفظات تحریری صورت میں اعلیٰ حکام تک پہنچائے جائیں گے اور اس حوالے سے متعلقہ اداروں سے رابطہ کیا جائے گا۔
