حکومت پاکستان نے کوہاٹ میں خودکش حملہ آور کو روک کر بڑی تباہی سے بچانے والے شہری لیاقت کو ستارۂ شجاعت دینے کی منظوری دے دی ہے۔

 

لیاقت نے مشتبہ شخص کو روکا اور اس سے شناخت پوچھی، جس پر خودکش حملہ آور نے بوکھلاہٹ میں خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔ اس واقعے میں لیاقت نے اپنی جان کی قربانی دے کر علاقے کے لوگوں کی جانیں بچائیں۔

 

یہ بھی پڑھیے: خیبرپختونخوا: کہیں بارش تو کہیں شدید گرمی، موسم کی تازہ صورتحال کیا ہے

 

وزیراعظم شہباز شریف نے لیاقت کو قوم کا ہیرو قرار دیتے ہوئے ان کی جرات اور قربانی کو سراہا اور ان کے لیے ستارۂ شجاعت کی سفارش کی۔

 

صدر مملکت آصف علی زرداری نے بھی لیاقت شہید کی بہادری کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی جان قربان کر کے بڑے جانی نقصان کو ٹال دیا۔ ان کے مطابق لیاقت کی جرات اور فرض شناسی قوم کے لیے ایک روشن مثال ہے۔

 

لیاقت شہید کی والدہ، بیٹا اور بھائی آج شام صدر مملکت سے ستارۂ شجاعت وصول کریں گے۔