خیبرپختونخوا کے ضلع نوشہرہ کے علاقے  میاں عیسیٰ میں راستے پر باڑ لگانے کے تنازع نے خونریز تصادم کی شکل اختیار کر لی، فائرنگ کے تبادلے میں دونوں فریقین کے 7 افراد جاں بحق ہوگئے۔

ڈی ایس پی جواد خان کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں ایک فریق کے چار بھائی زاہق، واحد، صالح اور محمد علی شامل ہیں، اسی طرح دوسرے فریق سے زرغون شاہ اور ان کے دو بیٹے ماجد اور ظہور جان کی بازی ہار گئے۔

ڈی ایس پی  نے بتایا کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور لاشوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال نوشہرہ اور قاضی حسین احمد میڈیکل کمپلیکس منتقل کر دیا گیا۔

 

دوسری جانب علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ  چار بھائی اپنے گھر کے سامنے باڑ لگا رہے تھے کہ اسی دوران زرغون شاہ اور ان کے بیٹوں کے ساتھ تلخ کلامی ہوئی، جو دیکھتے ہی دیکھتے مسلح تصادم میں بدل گئی۔

 

فائرنگ کے نتیجے میں 7 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کا مقدمہ تاحال درج نہیں کیا جا سکا جبکہ معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔

 

یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا اسمبلی میں احساس ریڑھی بان روزگار تحفظ بل 2025 پیش، ریڑھی بانوں کو کیا حقوق ملیں گے؟

ریسکیو 1122 کے مطابق جاں بحق افراد کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال اور قاضی حسین احمد میڈیکل کمپلیکس نوشہرہ منتقل کر دیا گیا ہے۔