وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ انٹیلیجنس اداروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے پاکستان کو بڑی تباہی سے بچا لیا اور بلوچستان سے ایک خاتون خودکش بمبار کو گرفتار کیا گیا۔

 

کوئٹہ میں پریس کانفرنس کے دوران گرفتار خاتون کو بھی پیش کیا گیا۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ یہ خاتون خودکش حملے کی منصوبہ بندی میں استعمال کی جا رہی تھی اور اسے اسلام آباد میں حملے کا ہدف دیا گیا تھا، تاہم سیکیورٹی اداروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے منصوبہ ناکام بنا دیا۔

 

یہ بھی پڑھیے: بنوں: نامعلوم مسلح افراد نے جیل وارڈن کو اغواء کر لیا

 

انہوں نے مزید کہا کہ دہشتگرد خواتین کو بہلا پھسلا کر یا دھمکی دے کر استعمال کرتے ہیں۔ خاتون کو دھمکی دی گئی تھی کہ اگر اس نے خودکش حملہ نہ کیا تو اس کے والد کو قتل کر دیا جائے گا۔

 

انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کا بلوچ روایات سے کوئی تعلق نہیں، ہم اپنی بچیوں کو تعلیم دینا چاہتے ہیں لیکن دہشتگرد انہیں خودکش حملوں کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔ گرفتار خاتون کو عزت کے ساتھ اس کے والد کے حوالے کیا جا رہا ہے۔

 

وزیراعلیٰ نے انٹیلیجنس اداروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بروقت کارروائی سے ملک ایک بڑے خطرے سے محفوظ رہا۔