ضلع بنوں میں گزشتہ روز نامعلوم مسلح افراد نے سنٹرل جیل پولیس کے وارڈن کو اغواء کر لیا، جس کے بعد علاقے میں سیکیورٹی صورتحال مزید کشیدہ ہو گئی ہے اور پولیس نے مغوی اہلکار کی بازیابی کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

 

ذرائع کے مطابق سنٹرل جیل پولیس کے وارڈن سفیر خان ڈیوٹی مکمل کرنے کے بعد گھر واپس جا رہے تھے کہ تھانہ کینٹ کی حدود پیران داؤد شاہ کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے انہیں راستے میں روک کر اغواء کر لیا اور موقع سے فرار ہو گئے۔

 

یہ بھی پڑھیے: باجوڑ: نامعلوم افراد کی فائرنگ، پولیس اہلکار جاں بحق 

 

اطلاع ملنے پر پولیس اور سیکیورٹی ادارے فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے اور علاقے کو گھیرے میں لے کر مختلف مقامات پر ناکہ بندیاں قائم کر دی گئی ہیں۔ مغوی اہلکار کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن بھی جاری ہے۔

 

دوسری جانب یاد رہے کہ بنوں کے علاقے فتح خیل میں قائم پولیس چیک پوسٹ پر ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب خودکش حملہ کیا گیا تھا، جس میں بارود سے بھری گاڑی مبینہ طور پر چیک پوسٹ سے ٹکرا دی گئی تھی۔

 

 اس دھماکے کے نتیجے میں 15 اہلکار شہید جبکہ 3 زخمی ہوئے تھے۔