باجوڑ کے تحصیل ماموند کے علاقے ترخو میں نامعلوم افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار جاں بحق ہو گیا۔
پولیس کے مطابق جاں بحق اہلکار کی شناخت سعید اللہ ولد غلام کے نام سے ہوئی ہے، جو کٹکوٹ ماموند کا رہائشی تھا۔
یہ بھی پڑھیے: خیبرپختونخوا: موسمی صورتحال کے پیش نظر پی ڈی ایم اے کا الرٹ جاری
ڈی ایس پی نیاز محمد نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ملزمان نے فائرنگ کر کے پولیس اہلکار کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ واقعے کے بعد ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ رواں سال 2026 کے دوران اب تک مختلف واقعات میں 12 سے زائد پولیس اہلکار شہید ہو چکے ہیں۔
