خیبر پختونخوا میں آٹے کی قیمت میں ایک بار پھر اضافہ ہو گیا ہے، جس کی بڑی وجہ پنجاب سے گندم اور آٹے کی سپلائی میں رکاوٹ بتائی جا رہی ہے۔

 

گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 2200 روپے سے بڑھ کر 2400 روپے تک پہنچ گئی ہے۔

 

یہ بھی پڑھیے: بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے 19500 روپے حاصل کرنے کا طریقہ کیا ہے؟

 

فلور ملز ایسوسی ایشن کے مطابق پنجاب سے گندم اور آٹے کی ترسیل متاثر ہونے کے باعث ملز مالکان کو مہنگے داموں گندم خریدنا پڑ رہی ہے، جس کا اثر آٹے کی قیمت پر پڑ رہا ہے۔

 

ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا میں گندم کی پیداوار صوبے کی ضرورت پوری نہیں کرتی، اس لیے بڑی مقدار میں گندم پنجاب سے منگوائی جاتی ہے۔

 

صوبائی حکومت نے وفاقی اور پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ گندم کی ترسیل میں رکاوٹیں ختم کی جائیں تاکہ آٹے کی قیمتوں میں مزید اضافہ نہ ہو۔