بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت نئی قسط کی ادائیگیوں کا آغاز مرحلہ وار کر دیا گیا ہے۔ 

 

اس پروگرام کے تحت مستحق خاندانوں کے لیے ہر تین ماہ بعد ملنے والی مالی امداد 13 ہزار 500 روپے سے بڑھا کر 19 ہزار 500 روپے کر دی گئی ہے۔

 

اس مرحلے میں نہ صرف باقاعدہ رقم دی جائے گی بلکہ بچوں کے تعلیمی وظائف بھی شامل کیے گئے ہیں تاکہ غریب خاندانوں کی مزید مدد ہو سکے۔

 

یہ بھی پڑھیے: طورخم بارڈر: افغان مہاجرین کے سامان کی سخت چیکنگ، کون سا سامان ساتھ لے جانے کی اجازت ہے؟

 

بی آئی ایس پی کے مطابق ادائیگیوں کا آغاز 18 مئی 2026 سے ہوگا۔ وہ خواتین جن کے والٹ اکاؤنٹس 15 مئی تک بند تھے یا جنہوں نے ابھی تک اپنے اکاؤنٹس تبدیل نہیں کروائے، وہ اپنے ضلع کے کسی بھی مجاز کیمپ یا ایجنٹ سے رقم حاصل کر سکتی ہیں۔

 

اہلیت اور رقم کی معلومات کے لیے 8171 ویب پورٹل اور ایس ایم ایس سروس استعمال کی جا سکتی ہے۔ اپنے موبائل سے بغیر ڈیش کے شناختی کارڈ نمبر لکھ کر 8171 پر بھیجنے سے معلومات مل جاتی ہیں۔

 

حکام نے واضح کیا ہے کہ 8171 ہی سرکاری نمبر ہے، اس کے علاوہ کسی بھی نمبر سے آنے والے پیغامات یا کالز پر یقین نہ کیا جائے۔ رقم لیتے وقت کسی ایجنٹ کو اضافی فیس یا کٹوتی بھی نہ دی جائے۔

 

ادائیگی مراکز پر جانے والی خواتین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنا اصل شناختی کارڈ ساتھ لے کر جائیں تاکہ عمل شفاف طریقے سے مکمل ہو سکے۔

 

تمام مراکز کو بھی ہدایت دی گئی ہے کہ مستحق افراد کو سہولت دی جائے اور کسی بھی بدعنوانی کی صورت میں فوری کارروائی کی جائے۔