طورخم بارڈر ایکسپورٹ ٹرمینل پر افغانستان واپس جانے والے افغان خاندانوں کے سامان کی چیکنگ مزید سخت کر دی گئی ہے، جس کے دوران متعدد گاڑیوں سے موٹر سائیکلیں اتار دی گئیں۔

 

کسٹم حکام کی ہدایات پر بارڈر پر سخت نگرانی کے باعث کئی گاڑیوں کو تفصیلی معائنہ کے لیے روکا گیا، جہاں گھریلو سامان کے ساتھ منتقل کی جانے والی موٹر سائیکلیں اور بعض دیگر اشیاء قواعد کے خلاف قرار دے کر اتار دی گئیں۔

 

یہ بھی پڑھیے: پشاور: موبائل فون کے استعمال سے روکنے پر تہکال میں کم عمر طالبہ کی مبینہ خودکشی

 

ذرائع کے مطابق افغانستان واپس جانے والے خاندان اپنے ساتھ گھریلو سامان منتقل کر رہے تھے، تاہم حکام نے واضح کیا کہ موٹر سائیکل سمیت وہ تمام اشیاء ممنوع ہیں جو تجارتی استعمال یا سمگلنگ کے زمرے میں آ سکتی ہیں۔

 

کسٹم حکام کے مطابق طورخم بارڈر پر صرف محدود اور قانونی گھریلو سامان لے جانے کی اجازت ہے جبکہ ممنوعہ اشیاء کی کسی بھی صورت منتقلی برداشت نہیں کی جائے گی۔

 

 اس مقصد کے لیے نگرانی اور چیکنگ کا عمل مزید سخت کر دیا گیا ہے تاکہ غیر قانونی تجارت اور سمگلنگ کی روک تھام یقینی بنائی جا سکے۔

 

دوسری جانب بعض ٹرانسپورٹرز اور ڈرائیورز نے شکایت کی ہے کہ نئی پابندیوں اور سخت چیکنگ کے باعث انہیں مشکلات کا سامنا ہے اور واضح رہنمائی فراہم نہیں کی جا رہی۔

 

حکام نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ تمام کارروائیاں حکومتی پالیسی اور کسٹم قوانین کے مطابق جاری ہیں، جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔