پشاور کے علاقے تہکال کینال ٹاؤن میں 15 سالہ طالبہ نے مبینہ طور پر خود کو گولی مار کر خودکشی کر لی۔ واقعے کے بعد گھر سے لڑکی کی نعش برآمد ہوئی۔
تہکال پولیس کے مطابق مدعی سہیل خان نے بتایا کہ وہ گھر میں موجود تھا کہ اچانک فائرنگ کی آواز سنی۔ وہ فوری طور پر کمرے میں گیا تو اپنی بہن کو خون میں پڑا ہوا پایا۔
یہ بھی پڑھیے: باجوڑ: اغوا کے بعد پولیس کانسٹیبل ناظم اللہ شہید، لاش سرحدی پہاڑی علاقے سے برآمد
پولیس کا کہنا ہے کہ متوفیہ کی شناخت 15 سالہ مسماۃ (ن) دختر حمداس خان کے نام سے ہوئی ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق وہ حال ہی میں دسویں جماعت کا امتحان دے چکی تھی اور اپنی بڑی بہن کا موبائل فون استعمال کرتی تھی۔
پولیس کے مطابق والدہ کی جانب سے موبائل فون کے استعمال سے منع کرنے پر اس نے مبینہ طور پر خود کو گولی مار کر اپنی زندگی کا خاتمہ کیا۔
ذرائع کے مطابق اس سے قبل بھی مبینہ طور پر پسند کی شادی نہ ہونے پر وہ خودکشی کی کوشش کر چکی تھی۔
پولیس نے موقع سے پستول قبضے میں لے کر واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
