باجوڑ میں گزشتہ روز اغوا ہونے والے پولیس کانسٹیبل ناظم اللہ کی لاش برآمد کر لی گئی۔ پولیس کے مطابق نامعلوم افراد نے اغوا کے بعد کانسٹیبل ناظم اللہ کو گولیاں مار کر شہید کر دیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شہید کانسٹیبل کی لاش باجوڑ اور مہمند کے سرحدی پہاڑی علاقے سے ملی، جسے مقامی افراد کی مدد سے تحویل میں لے کر ہسپتال منتقل کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیے: ڈیرہ اسماعیل خان: گومل یونیورسٹی نے مختلف شعبوں میں مبینہ بے ضابطگیوں کی تحقیقات شروع کر دیں
ذرائع کے مطابق کانسٹیبل ناظم اللہ تھانہ برنگ کی سند غاڑہ پوسٹ پر تعینات تھے اور گزشتہ روز ڈیوٹی پر جاتے ہوئے لاپتا ہوگئے تھے، جس کے بعد ان کے اغوا کی اطلاع سامنے آئی تھی۔
پولیس نے بتایا کہ لاش کو پوسٹ مارٹم اور قانونی کارروائی کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
