وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے ڈیجیٹل لائسنس منیجمنٹ سسٹم کا باقاعدہ افتتاح کر دیا ہے جس کے تحت ڈرائیونگ لائسنس کا اجراء اب مکمل طور پر ڈیجیٹل نظام کے ذریعے ہوگا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ پائلٹ اجرا کے دوران اب تک 19,966 لرنر اور 2,212 مستقل ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے جا چکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: دنیا کے طاقتور اور کمزور پاسپورٹس کی نئی فہرست جاری، پاکستان کا نمبر کیا ہے؟
نئے سسٹم کے تحت شہری گھر بیٹھے "دستک ایپ" اور ویب پورٹل کے ذریعے لائسنس کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔
مزید بتایا گیا کہ نظام میں اے آئی پر مبنی فیشل ریکگنیشن، آن لائن میڈیکل سرٹیفکیٹس، کیو آر کوڈ ویریفیکیشن اور مرکزی ڈیٹا بیس جیسے جدید فیچرز شامل ہیں۔
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام عمران خان کے ڈیجیٹائزیشن کے وژن کی عملی تعبیر ہے۔
ان کے مطابق اس نظام سے شہریوں کو سہولت کے ساتھ ساتھ میرٹ اور شفافیت بھی یقینی بنائی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل لائسنس منیجمنٹ سسٹم صوبائی حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے میں ایک اہم سنگ میل ہے، جبکہ حکومت ای گورننس، آن لائن سروس ڈیلیوری اور ڈیجیٹل پیمنٹس کے نظام کو بھی فروغ دے رہی ہے۔
