حسبان اللہ 

 

باجوڑ میں پختونخوا کے سرکاری ریڈیو اسٹیشن کی بجلی منقطع ہونے کے بعد نشریاتی نظام مکمل طور پر بند ہوگیا، جبکہ ادارے سے وابستہ ملازمین کئی ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے باعث مالی مشکلات کا شکار ہیں۔

 

 

ذرائع کے مطابق واپڈا حکام نے مبینہ طور پر بقایا جات کی عدم ادائیگی پر ریڈیو اسٹیشن کے ٹرانسفارمر سے اہم برقی کنکشن منقطع کرکے سامان اپنے ساتھ لے گئے، جس کے نتیجے میں ادارے کا نشریاتی عمل مکمل طور پر متاثر ہوا۔

 

یہ بھی پڑھیے: سونے کی قیمت میں دوسرے روز بھی بڑی کمی، نرخ مزید نیچے آگئے

 

مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ ریڈیو اسٹیشن پر بجلی کے بلوں کی مد میں واجبات موجود ہیں، جس کے باعث یہ کارروائی کی گئی۔ تاہم اس معاملے پر واپڈا حکام اور ریڈیو انتظامیہ کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا۔

 

دوسری جانب ریڈیو اسٹیشن کے پریزنٹرز اور دیگر ملازمین بھی کئی ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے باعث مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔

 

 ملازمین نے متعلقہ حکام سے واجبات کی فوری ادائیگی اور ادارے کی بحالی کا مطالبہ کیا ہے۔

 

واضح رہے کہ کروڑوں روپے کی لاگت سے قائم یہ سرکاری ریڈیو اسٹیشن اس وقت غیر فعال ہے، جس سے نہ صرف عوام تک معلومات اور تفریح کی فراہمی متاثر ہوئی ہے بلکہ سرکاری وسائل کے مؤثر استعمال پر بھی سوالات اٹھ رہے ہیں۔

 

سماجی حلقوں اور صحافتی تنظیموں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کا فوری جائزہ لے کر ریڈیو اسٹیشن کو دوبارہ فعال بنایا جائے اور انتظامی امور میں موجود مسائل کا حل نکالا جائے۔