بنوں میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے جعلی دستاویزات کے ذریعے پاکستانی شناختی کارڈ حاصل کرنے والے افغان شہری اور اس کے مقامی سہولت کار کو گرفتار کر لیا۔
ڈی پی او بنوں یاسر آفریدی کو موصول اطلاع کے مطابق تھانہ غوریوالہ کی حدود امین مغل خیل میں مقیم افغان شہری شوکت اللہ نے مبینہ طور پر رقم دے کر خود کو ایک پاکستانی خاندان کا حصہ ظاہر کیا اور شناختی کارڈ حاصل کیا۔
یہ بھی پڑھیے: سہیل آفریدی کے دورہ آزاد کشمیر کے ہیلی کاپٹر اخراجات: پارٹی فنڈ یا سرکاری وسائل؟ شفیع جان کا بیان سامنے آ گیا
ڈی پی او کی ہدایت پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے شوکت اللہ اور اس کی مدد کرنے والے یاسر خان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق یاسر خان نے مالی فائدے کے بدلے اسے اپنے خاندان میں شامل کیا اور جعلی کاغذات تیار کروانے میں مدد دی۔
ابتدائی تفتیش میں دونوں ملزمان نے جرم کا اعتراف کر لیا ہے، جبکہ ان کے قبضے سے جعلی شناختی کارڈ بھی برآمد ہوا ہے۔
پولیس نے مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے تاکہ اس معاملے میں شامل دیگر افراد کو بھی سامنے لایا جا سکے۔ ڈی پی او کا کہنا ہے کہ ایسے غیر قانونی کاموں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔
