خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات شفیع جان نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی 25 اپریل بروز ہفتہ اسٹریٹ موومنٹ کے سلسلے میں مظفرآباد، آزاد کشمیر کا دورہ کریں گے۔
انہوں نے بتایا کہ دورے کے دوران ہیلی کاپٹر کے تمام اخراجات بانی چیئرمین عمران خان کے ویژن کے مطابق پارٹی فنڈ سے ادا کیے گئے ہیں، جبکہ سرکاری وسائل کے استعمال سے مکمل اجتناب کیا گیا ہے۔
شفیع جان کے مطابق یہ اقدام شفافیت، کفایت شعاری اور ذمہ داری کی ایک مثبت روایت ہے، جو دوسروں کے لیے قابل تقلید مثال ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان ہمیشہ سرکاری وسائل کے تحفظ اور انہیں سیاسی مقاصد کے لیے استعمال نہ کرنے کی ہدایت دیتے رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: خیبر: سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، 22 خوارج ہلاک، علاقے میں سرچ آپریشن جاری
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی سرکاری وسائل کو عوام کی امانت سمجھتے ہیں اور صوبائی حکومت کفایت شعاری پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہے۔
معاون خصوصی نے بتایا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی مظفرآباد میں اسٹریٹ موومنٹ کے علاوہ لال چوک میں ایک بڑے عوامی اجتماع سے بھی خطاب کریں گے۔ دورے کا مقصد آزاد کشمیر میں عوامی رابطہ مہم کو مؤثر بنانا اور کارکنوں کو متحرک کرنا ہے۔
شفیع جان کے مطابق وزیراعلیٰ نے ملک بھر میں اسٹریٹ موومنٹ کی قیادت کامیابی سے کی ہے، اور یہ تحریک آئین و قانون کی بالادستی اور عمران خان کی رہائی کے لیے اہم کردار ادا کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت شفافیت، میرٹ اور احتساب کے اصولوں پر عمل پیرا ہو کر عمران خان کے ویژن کے مطابق عوامی طرز حکمرانی کو فروغ دے رہی ہے۔
