خیبرپختونخوا کے قبائلی ضلع خیبر کی تحصیل باڑہ میں واقع ایک دینی مدرسے پر آسمانی بجلی گرنے سے کم از کم 18 طالبات زخمی ہو گئی ہیں۔ 

 

مقامی ذرائع کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب دن کے وقت اچانک موسم نے کروٹ لی، تیز دھوپ کے بعد بادل چھا گئے اور گرج چمک کے ساتھ بارش شروع ہو گئی، اسی دوران پہاڑی علاقے پائندہ چینہ مدرسے کی عمارت پر آسمانی بجلی آ گری۔

 

اطلاعات کے مطابق زخمی ہونے والی بچیوں کی عمریں 5 سے 16 سال کے درمیان ہیں، جبکہ ابتدائی طور پر دو بچیوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی تھی، تاہم بعد ازاں تمام بچیوں کو خطرے سے باہر قرار دے دیا گیا۔

 

 

ریسکیو 1122 خیبر کنٹرول روم کو اطلاع ملتے ہی ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر شارق ریاض خٹک کی ہدایت پر میڈیکل ٹیمیں اور ایمبولینسز فوری طور پر جائے وقوعہ پر روانہ کی گئیں۔ ریسکیو اہلکاروں نے زخمی بچیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ڈوگرہ ہسپتال منتقل کر دیا۔

 

یہ بھی پڑھیں: خیبر: باڑہ امن جرگہ میں اہم فیصلے، قوم اکاخیل کا آئندہ لائحہ عمل کیا ہوگا؟
 

 

زخمی طالبات میں فاطمہ، سومیہ، آسیہ، جاسیہ، حدیجہ، عائشہ، ایسمہ، سمیہ، نبیلہ، اجیدہ، کلثوم، نجمہ، ذاکرہ، ابرہ، بلبلہ، اسمہ، سمیہ اور بشرہ شامل ہیں۔

 

ریسکیو حکام کے مطابق تمام زخمی بچیوں کی حالت اب خطرے سے باہر ہے جبکہ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔