ضلع خیبر کے علاقے باڑہ میں قوم اکاخیل کے زیرِ اہتمام امن و امان کی بگڑتی صورتحال کے پیشِ نظر ایک اہم گرینڈ قومی امن جرگہ جہاز گراؤنڈ میں منعقد ہوا، جس میں علاقے کی موجودہ صورتحال، بڑھتی ہوئی بدامنی اور عوامی تحفظ کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
جرگے میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ علاقے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔ شرکاء نے واضح کیا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے اور امن و امان کی بہتری کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔

قومی کونسل کے چیئرمین خیال زمان آفریدی نے اس موقع پر کہا کہ قوم اکاخیل وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی، ایم این اے اقبال اور ایم پی اے عبدالغنی آفریدی کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
ان کے مطابق صوبائی حکومت نے مشران کے ساتھ ملاقات میں مسائل کے فوری حل کی یقین دہانی کرائی ہے۔
یہ بھی پڑھیے:سونے کی قیمت میں بڑی کمی، فی تولہ سونا کتنے کا ہوگیا؟
انہوں نے مزید بتایا کہ جرگے میں کیے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کے لیے کل بروز جمعہ دن دو بجے قومی کونسل کے دفتر میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوگا، جس میں سیاسی و سماجی رہنما اور کونسل کے عہدیداران آئندہ کا مشترکہ لائحہ عمل طے کریں گے، جسے بعد میں قوم کے سامنے پیش کیا جائے گا۔
جرگے کے شرکاء نے متفقہ طور پر اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ علاقے میں امن کے قیام کے لیے متحد رہیں گے اور کسی بھی قسم کی بدامنی یا انتشار کو برداشت نہیں کیا جائے گا، جبکہ حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ دیرپا امن کے لیے ٹھوس اور عملی اقدامات کرے۔
جرگے میں سابق تحصیل چیئرمین مفتی کفیل آفریدی، قومی کونسل کے چیئرمین خیال زمان آفریدی، سابق امیدوار اور سایہ ویلفیئر فاؤنڈیشن کے چیئرمین حاجی جہانگیر آفریدی، ملک عطاء اللہ، سہیل احمد آفریدی، حاجی عجب خان اور زوان اکاخیل اتحاد کے صدر عجب خان سمیت متعدد سرکردہ شخصیات نے شرکت کی۔
