اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سینیٹ میں خالی نشست پر ہونے والے ضمنی انتخاب کو حکم امتناعی جاری کرتے ہوئے ملتوی کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق مراد سعید کی سینیٹ نشست کی آئینی حیثیت سے متعلق ابہام کے باعث معاملہ الیکشن کمیشن میں زیرِ غور آیا۔ مسلم لیگ ن کے ممبر صوبائی اسمبلی جلال خان کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کے بعد کمیشن نے متعلقہ نشست پر ضمنی انتخاب روکنے کا حکم دے دیا۔
درخواست گزار کے مطابق مراد سعید نے تاحال حلف نہیں اٹھایا، جبکہ آئین کے تحت حلف اٹھانے کے بعد ہی کوئی شخص ایوانِ بالا کا رکن تصور ہوتا ہے، اس لیے نشست کے خالی ہونے اور ضمنی انتخاب کے انعقاد کی آئینی حیثیت واضح کی جائے۔
یہ بھی پڑھیں: ہائیر ایجوکیشن کمیشن کا جامعات کے لیے نیا فیصلہ، اہم پابندیاں عائد
الیکشن کمیشن نے حکم دیا ہے کہ معاملے کی مکمل قانونی وضاحت تک انتخابی عمل کو آگے نہیں بڑھایا جائے گا۔ کیس کی آئندہ سماعت 7 مئی کو ہوگی۔
حکم امتناعی کے باعث سینیٹ کی مذکورہ نشست پر ہونے والا ضمنی انتخاب فی الحال رک گیا ہے، جبکہ آئینی ماہرین کے مطابق اس معاملے کا فیصلہ مستقبل کے لیے اہم نظیر ثابت ہو سکتا ہے۔
یاد رہے کہ 23 اپریل کو مراد سعید کی سینیٹ میں خالی نشست پر انتخابات ہونے والے تھے۔
