طورخم بارڈر پر ایف آئی اے امیگریشن نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے جعلی مینی فیسٹ کے ذریعے افغانستان جانے کی کوشش ناکام بنا دی، جس کے دوران 5 افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق آئی ایف آر پی کے تحت معمول کی کلیئرنس کے دوران امیگریشن نظام نے مشکوک دستاویزات کی نشاندہی کی، جس پر فوری کارروائی کرتے ہوئے انکشاف ہوا کہ پیش کیے گئے مینی فیسٹ جعلی تھے۔
حکام نے بتایا کہ گرفتار تمام افراد پاکستانی شہری ہیں جو مبینہ طور پر نادرا سسٹم کو بائی پاس کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر افغانستان جانے کی کوشش کر رہے تھے۔
یہ بھی پڑھیے: سونے اور چاندی کی قیمتوں میں بڑی کمی ریکارڈ
ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ملزمان نے فی کس 50 ہزار روپے کے عوض جعلی مینی فیسٹ حاصل کیے تھے، جبکہ اس نیٹ ورک میں ایک ایجنٹ فہد کے ملوث ہونے کا بھی شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
گرفتار افراد کو مزید تفتیش کے لیے اے ایچ ٹی سی ایف آئی اے پشاور منتقل کر دیا گیا ہے۔ کارروائی انسپکٹر عدنان احمد جان، گروپ انچارج انعام الحق، ہیڈ کانسٹیبل محمود خان اور عثمان غنی (ایف سی) نے انجام دی۔
