افغانستان کے لیگ اسپنر راشد خان نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں دو ممالک کی جانب سے شہریت اور قومی ٹیم کی نمائندگی کی پیشکش کی گئی تھی، تاہم انہوں نے دونوں بار اس پیشکش کو مسترد کر دیا۔

 

ان کے مطابق 2023 میں آئی پی ایل کے دوران بھارت میں قیام کے دوران بھارتی کرکٹ ٹیم کے ایک سینئر عہدیدار نے ان سے ملاقات میں کہا کہ وہ افغانستان چھوڑ کر بھارت منتقل ہو جائیں۔

 

 انہیں یہ بھی پیشکش کی گئی کہ انہیں بھارتی شہریت اور تمام ضروری دستاویزات فراہم کی جائیں گی تاکہ وہ بھارتی ٹیم کی نمائندگی کر سکیں۔

 

یہ بھی پڑھیے: خیبر: لنڈی کوتل ہولڈنگ کیمپ میں افغان شہریوں سے جعلی ٹوکن پر بھتہ، ملزمان کون اور کتنے گرفتار؟

 

راشد خان نے بتایا کہ یہ بات سن کر وہ حیران رہ گئے، لیکن انہوں نے واضح طور پر کہا کہ وہ صرف افغانستان کی طرف سے ہی کرکٹ کھیلیں گے۔

 

انہوں نے مزید بتایا کہ اسی نوعیت کی پیشکش انہیں آسٹریلیا کی جانب سے بھی ہوئی تھی، جسے انہوں نے صاف طور پر رد کر دیا۔ ان کے مطابق اپنے ملک کی نمائندگی ان کے لیے سب سے بڑی ترجیح ہے۔