ضلع خیبر کے علاقے لنڈی کوتل میں پولیس نے افغانستان واپس جانے والے افغان شہریوں سے مبینہ طور پر جعلی ٹوکن کے ذریعے غیر قانونی رقوم وصول کرنے والے گروہ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 14 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔

 

یہ بھی پڑھیے: فیلڈ مارشل عاصم منیر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے “فیورٹ فیلڈ مارشل” کیوں ہیں؟

 

 ایس ایچ او لنڈی کوتل عشرت شینواری نے بتایا کہ گزشتہ دو ہفتوں کے دوران حمزہ بابا مزار کے قریب قائم ہولڈنگ کیمپ میں کارروائی کرتے ہوئے ان افراد کو حراست میں لیا جو افغان خاندانوں سے غیر قانونی طور پر رقوم وصول کرنے میں ملوث تھے۔

 

 

 گرفتار افراد کا تعلق پشاور اور لنڈی کوتل سے بتایا جا رہا ہے۔

 

پولیس کے مطابق ملزمان مبینہ طور پر جعلی ٹوکن کے ذریعے افغان شہریوں سے رقوم وصول کر رہے تھے، جس پر فوری کارروائی عمل میں لائی گئی۔

 

لنڈی کوتل تھانے کے محرر ملک ایاز شینواری نے بتایا کہ اس واقعے میں گرفتار تمام ملزمان کے خلاف 7 مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہولڈنگ کیمپ میں کسی بھی قسم کی غیر قانونی سرگرمی اور شہریوں سے بھتہ خوری میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی جاری رہے گی اور کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

 

یاد رہے کہ یکم اپریل سے اب تک مجموعی طور پر 68 ہزار افغان مہاجرین اپنے وطن واپس جا چکے ہیں۔