مردان: وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے مردان میں پاکستان تحریک انصاف کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے 50 ارب روپے کے ترقیاتی پیکج کا اعلان کر دیا۔

 

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مردان جلسے میں عوام کا جم غفیر عمران خان کی کال پر آیا، ہماری کوئی ذاتی حیثیت نہیں۔ کچھ لوگ کہتے تھے کہ لوگ نہیں نکلیں گے، مگر مردان کے عوام نے ثابت کر دیا کہ وہ عمران خان کی کال پر لبیک کہتے ہیں۔

 

سہیل آفریدی نے کہا کہ عمران خان نے مردان میں دن کی روشنی میں جلسہ کرنے کی ہدایت دی تھی اور اسٹریٹ موومنٹ کی بات کی تھی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ 25 اپریل کو آزاد کشمیر اور یکم مئی کو لاہور جاؤں گا۔

 

 

وزیر اعلیٰ کے مطابق عمران خان کو پیغام دیا گیا ہے کہ قوم تیار ہے، حکم کریں تو اگلے ہی دن اسلام آباد میں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہزار بار عمران خان کی کال پر قربان ہونے کو تیار ہیں، عمران خان کل بھی لیڈر تھا اور آج بھی لیڈر ہے۔

 

سہیل آفریدی نے کہا کہ جو کہتے تھے عمران خان ختم ہو چکا ہے، عوام نے انہیں واضح جواب دے دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کا لیڈر صرف عمران خان ہے اور وہی حکم دے گا وہی عمل ہوگا۔

 

یہ بھی پڑھیں: پشاور: وکلا کو دباؤ میں لانے کے لیے فوجی عدالتوں میں پیش کیا جا رہا ہے، وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی

 

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں امن و امان کا مسئلہ ریاستی ناکام پالیسی کا نتیجہ ہے، عمران خان کے دور میں امن قائم تھا جبکہ بعد میں غلط پالیسیوں سے دہشت گردی دوبارہ بڑھی۔

 

انہوں نے کہا کہ صوبے میں آپریشن کی مخالفت ڈنکے کی چوٹ پر کی ہے۔ عمران خان کی عدالتوں سے امید ختم ہو چکی ہے اور اب نظریں عوام پر ہیں۔

 

سہیل آفریدی نے کہا کہ عمران خان اور ان کی اہلیہ کا علاج ذاتی معالجین اور فیملی کی موجودگی میں نہ ہونے تک احتجاج جاری رہے گا۔ ان کے مطابق ملاقاتوں کی بندش اور علاج نہ دینا دباؤ ڈالنے کی کوشش ہے۔

 

 

معاشی صورتحال پر بات کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جی ڈی پی گروتھ 6 فیصد سے کم ہو کر 2.5 فیصد رہ گئی، قرضے 50 ہزار ارب سے بڑھ کر 81 ہزار ارب روپے ہو گئے جبکہ پٹرول کی قیمت 150 روپے سے بڑھ کر 360 روپے سے تجاوز کر گئی۔

 

انہوں نے کہا کہ کسان اور مزدور مہنگائی کی چکی میں پس چکے ہیں اور عوام کی قوت خرید ختم ہو گئی ہے۔ ریجیم چینج کے بعد ملک مسلسل مشکلات کا شکار ہے۔

 

سہیل آفریدی نے مزید کہا کہ ایک ایلیٹ قبضہ مافیا نے ہر ادارے پر قبضہ کر رکھا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خطے میں مذاکرات ہو رہے ہیں جس کا کریڈٹ پاکستان کو جاتا ہے اور یہ عمران خان کی پالیسی ہے۔

 

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ عمران خان کی ہدایت پر محمود خان اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر عباس سے مشاورت کی جائے گی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ اس بار صوبائی اسمبلی کا اجلاس گراؤنڈ میں منعقد کیا جائے گا۔

 

آخر میں انہوں نے کامیاب جلسے پر پارٹی تنظیم، پارلیمنٹرینز اور عوام کو مبارکباد دی۔