خیبرپختونخو  کے ضلع دیر  بالا کے علاقے گندیگار میں سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو نے پولیس کو حرکت میں لا دیا، جہاں بروقت کارروائی کرتے ہوئے طالب علم پر تشدد کرنے والے استاد کو گرفتار کر لیا گیا۔

 

پولیس ذرائع کے مطابق ڈی پی او دیر بالا اور ایس ڈی پی او واڑی کی ہدایات پر واقعے کا فوری نوٹس لیا گیا اور ویڈیو کی تصدیق کے بعد کارروائی عمل میں لائی گئی۔ 

 

تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ جماعت پنجم کے طالب علم عدنان خان کو اس کے استاد سلطان نبی نے ہوم ورک نہ کرنے پر ڈنڈے سے تشدد کا نشانہ بنایا۔

 

یہ بھی پڑھیں: بنوں واقعہ: دکان پر موجود اہلکاروں پر حملہ، اصل کہانی کیا ہے؟

 

پولیس کے مطابق تشدد کے باعث بچے کے دونوں بازوؤں میں شدید درد اور چوٹیں آئیں، جس پر متاثرہ بچے کے اہل خانہ میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔

 

واقعے کا مقدمہ نمبر 87، مورخہ 19 اپریل 2026، چائلڈ پروٹیکشن ایکٹ کے تحت تھانہ گندیگار میں درج کر کے ملزم کو فوری گرفتار کر لیا گیا، جسے بعد ازاں حوالات میں بند کر دیا گیا۔

 

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے جبکہ بچوں پر تشدد میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی جاری رکھی جائے گی۔