خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں  تھانہ کینٹ کی حدود کرم گڑھی میں موٹرسائیکل سوار دہشت گردوں کی فائرنگ سے 2 ایف سی اہلکار شہید ہوگئے۔

 

پولیس کے مطابق شہید اہلکار دکان پر خریداری میں مصروف تھے کہ اس دوران موٹرسائیکل سوار حملہ آوروں نے اندھا دھند فائرنگ کردی اور موقع سے فرار ہوگئے۔

 

پولیس کا کہنا ہے کہ شہید ہونے والوں کی شناخت حوالدار روخنیاز اور سپاہی رحمان اللہ کے ناموں سے ہوئی ہے، دونوں اہلکار ایف سی دریوبہ پلاٹون میں تعینات تھے۔

 

یہ بھی پڑھیں: بنوں: انڈس ہائی وے پر سکیورٹی فورسز کے قافلے پرحملہ

 

واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر دہشت گردوں کی تلاش شروع کردی ہے جبکہ ایف سی کی جانب سے جوابی فائرنگ بھی کی گئی۔

 

پولیس کے مطابق مزید نفری کو جائے وقوعہ پر روانہ کردیا گیا ہے اور علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔ جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات شروع کردی ہیں۔

 

یاد رہے کہ کل انڈس ہائی وے پر تھانہ ڈومیل کی حدود برمی خیل کے مقام پر سکیورٹی فورسز کے قافلے پر خودکش کار بم حملے میں تین اہلکار شہید جبکہ ایک راہگیر سمیت چار افراد زخمی ہو گئے تھے ۔