انڈس ہائی وے پر تھانہ ڈومیل کی حدود برمی خیل کے مقام پر سکیورٹی فورسز کے قافلے پر خودکش کار بم حملے میں تین اہلکار شہید جبکہ ایک راہگیر سمیت چار افراد زخمی ہو گئے۔
یہ بھی پڑھیے: کراچی سے حج پروازوں کا آغاز، پہلی پرواز میں کتنے عازمینِ حج روانہ ہوئے؟
زخمیوں کو فوری طور پر کمبائنڈ ملٹری ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق فورسز کا قافلہ پشاور سے بنوں جا رہا تھا کہ برمی خیل کے قریب بارود سے بھری گاڑی نے قافلے کی ایک گاڑی کو نشانہ بنایا۔ دھماکہ انتہائی شدید نوعیت کا تھا جس کے باعث علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔
شہید ہونے والوں میں نائیک شہباز، سپاہی آفتاب اور سپاہی بلال شامل ہیں۔ زخمیوں میں سپاہی احسان، لانس نائیک اجمل، اکرام اور ایک راہگیر شامل ہیں۔
ابتدائی طور پر دھماکے کی نوعیت کے حوالے سے مختلف اطلاعات سامنے آئیں تاہم بعد ازاں سکیورٹی ذرائع نے تصدیق کی کہ یہ خودکش حملہ تھا جس میں بارود سے بھری گاڑی استعمال کی گئی۔
بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق حملے میں 150 سے 200 کلوگرام تک بارودی مواد استعمال کیا گیا۔ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں جبکہ تباہ شدہ گاڑی کے حصے بھی برآمد کیے گئے ہیں۔
واقعے کے فوراً بعد سکیورٹی فورسز اور پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ عینی شاہدین کے مطابق دھماکے کے بعد کچھ دیر تک فائرنگ کا سلسلہ بھی جاری رہا۔
حکام نے کہا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں اور ذمہ دار عناصر کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
