پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے خیبرپختونخوا کے بالائی اضلاع میں شدید بارشوں کے پیش نظر فلیش فلڈ کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔

 

یہ بھی پڑھیے: نوشہرہ: پبی میں سابق ناظم پر مبینہ پولیس تشدد کیس ثابت، ایس ایچ او سمیت چار اہلکار معطل

 

پی ڈی ایم اے کے مطابق سوات، دیر اپر و لوئر اور چترال اپر و لوئر کے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے، جس کے باعث نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔ ادارے نے عوام سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کی ہے۔

 

پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو ہنگامی اقدامات اٹھانے کی ہدایت کرتے ہوئے حساس مقامات اور خطرے سے دوچار آبادیوں کی نشاندہی مکمل کرنے کا حکم دیا ہے۔ ساتھ ہی ندی نالوں اور دریاؤں کے قریب رہنے والے افراد کو پیشگی آگاہی دینے اور ضرورت پڑنے پر بروقت انخلاء یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

 

مزید برآں ریسکیو 1122 اور سول ڈیفنس کو ہائی الرٹ رہنے اور تمام وسائل بروئے کار لانے کا حکم دیا گیا ہے، جبکہ ممکنہ متاثرین کے لیے ریلیف کیمپس میں خوراک، ادویات اور رہائش کی سہولیات فراہم کرنے کی بھی تاکید کی گئی ہے۔

 

پی ڈی ایم اے نے کسانوں اور مویشی پال حضرات کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے مویشی محفوظ مقامات پر منتقل کریں، جبکہ نشیبی علاقوں اور ندی نالوں کے قریب ٹریفک کی نقل و حرکت محدود رکھنے کی بھی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

 

ادارے نے متعلقہ محکموں کو ہنگامی آلات حساس مقامات پر پیشگی پہنچانے، بارشوں کے باعث ممکنہ رکاوٹوں کے خاتمے اور سڑکوں کی فوری بحالی یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی ہے۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال کی صورت میں ضلعی انتظامیہ کو ہر 6 گھنٹے بعد پی ڈی ایم اے کو رپورٹ فراہم کرنے کا پابند بنایا گیا ہے۔