سید ندیم مشوانی
نوشہرہ میں پبی ویلیج کونسل ڈاگئی کے سابق ناظم اور تحریک انصاف کے رہنما پر مبینہ پولیس تشدد کا کیس ثابت ہونے پر کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیے: بچوں کے لیے موبائل فائدہ مند کیسے بنایا جا سکتا ہے؟
ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس مردان رینج نے ایس پی انکوائری کی رپورٹ کی روشنی میں تھانہ پبی کے ایس ایچ او سب انسپکٹر محمد اشفاق سمیت ان کے تین گن مینوں کو معطل کرکے لائن حاضر کردیا ہے۔
اس کے علاوہ سب انسپکٹر محمد آیاز خویشگی کو تھانہ پبی کا نیا ایس ایچ او تعینات کرنے کا حکم نامہ بھی جاری کردیا گیا ہے۔
چار روز قبل ایس ایچ او محمد اشفاق نے مبینہ طور پر اپنے گن مینوں کے ہمراہ گشت کے دوران ڈاگئی میں گاڑی غلط پارک کرنے پر سابق ویلیج ناظم اور پی ٹی آئی رہنما داود خان سے تلخ کلامی کے بعد انہیں تشدد کا نشانہ بنایا اور تھانے کی حوالات میں بند کردیا تھا۔

واقعے کے خلاف علاقہ مکینوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے جی ٹی روڈ بلاک کردی اور تھانے کا گھیراؤ بھی کیا تھا۔
بعد ازاں ڈی آئی جی مردان کی جانب سے انکوائری اور انصاف کی یقین دہانی پر احتجاج ختم کردیا گیا جبکہ زخمی ناظم کو تھانے سے ہسپتال منتقل کیا گیا۔
