خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں جمعہ اور ہفتہ کے دوران تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ بعض علاقوں میں ژالہ باری اور موسلادھار بارش بھی متوقع ہے۔

 

یہ بھی پڑھیے: خیبر: لنڈی کوتل میں افغان شہریوں کو کیوں روکا جا رہا ہے؟ اہم ہدایات سامنے آگئیں

 

محکمہ موسمیات کے مطابق چترال، دیر (اپر و لوئر)، سوات، بونیر، مالاکنڈ، شانگلہ، کوہستان (اپر و لوئر)، کولائی پالس، بٹگرام، تورغر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، مردان، صوابی، نوشہرہ، چارسدہ، پشاور، باجوڑ، مہمند، خیبر، کرم، اورکزئی، کوہاٹ، ہنگو، کرک، بنوں، لکی مروت، ٹانک، ڈیرہ اسماعیل خان اور شمالی و جنوبی وزیرستان میں بیشتر مقامات پر بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

 

رپورٹ کے مطابق اس دوران چند مقامات پر ژالہ باری اور تیز بارش بھی ہو سکتی ہے، جس سے معمولات زندگی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ موجود ہے جبکہ شدید بارش کے باعث مقامی ندی نالوں میں طغیانی اور فلیش فلڈ کا بھی اندیشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

 

مزید برآں، تیز ہوائیں، ژالہ باری اور آسمانی بجلی کمزور ڈھانچوں جیسے بجلی کے کھمبوں، بل بورڈز اور سولر پینلز کو نقصان پہنچا سکتی ہیں جبکہ کھڑی فصلیں بھی متاثر ہو سکتی ہیں۔ 

 

سیاحوں اور مسافروں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

 

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بھی صوبے کے بیشتر اضلاع میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ بعض مقامات پر ژالہ باری بھی ہوئی، جس سے موسم خوشگوار ہو گیا۔