رستم کے علاقے ننگ آباد میں کچھ روز قبل سلائیڈنگ کے افسوسناک واقعے کے بعد لاپتہ ہونے والا شخص 16 دن بعد زندہ حالت میں برآمد ہوگیا، جسے ایک معجزہ قرار دیا جا رہا ہے۔

 

یہ بھی پڑھیے: مردان: تحصیل رستم میں مائننگ کے دوران لینڈ سلائیڈنگ، 9 افراد جاں بحق

 

تفصیلات کے مطابق ضلع مہمند سے تعلق رکھنے والا وہاب سلائیڈنگ کے باعث مٹی تلے دب گیا تھا اور طویل تلاش کے باوجود لاپتہ رہا۔ تاہم ریسکیو 1122 کی بروقت اور مسلسل کارروائی کے نتیجے میں وہاب کو زندہ حالت میں نکال لیا گیا۔

 

ذرائع کے مطابق متاثرہ شخص کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔

 

واقعے کے بعد علاقے میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے جبکہ اہلِ خانہ اور مقامی افراد نے ریسکیو 1122 کی کوششوں کو سراہا ہے۔

 

یاد رہے کہ چند روز قبل مردان کی تحصیل رستم کے علاقے ننگ آباد کے پہاڑی علاقے میں مائننگ کے دوران لینڈ سلائیڈنگ کا واقعہ پیش آیا تھا، جس کے نتیجے میں 9 مزدور جاں بحق جبکہ کئی دیگر ملبے تلے دب گئے تھے۔