کوہاٹ محکمہ جنگلی حیات نے غیر قانونی شکار کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ایک شخص کو گرفتار کرکے 15 ہزار روپے جرمانہ عائد کردیا۔

 

یہ بھی پڑھیے: خیبر: افغان ہولڈنگ کیمپ میں جعلی ٹوکن کے ذریعے رقم بٹورنے والا گروہ گرفتار

 

محکمہ کے مطابق ملزم نے جنگلی خرگوش کا غیر قانونی شکار کیا اور بعد ازاں اس کی تصاویر سوشل میڈیا پر اپلوڈ کیں، جس پر فوری نوٹس لیتے ہوئے کارروائی عمل میں لائی گئی۔

 

محکمہ جنگلی حیات نے ملزم کے خلاف وائلڈ لائف ایکٹ 2015 کے تحت مقدمہ درج کرکے قانونی کارروائی مکمل کرلی۔

 

ترجمان کے مطابق خیبر پختونخوا میں جنگلی خرگوش کی آبادی میں کمی کے باعث اس کے شکار پر مکمل پابندی عائد ہے، جبکہ غیر قانونی شکار کی روک تھام کے لیے کارروائیاں مزید سخت کی جا رہی ہیں۔

 

محکمہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر قانونی شکار اور اس کی تشہیر سے گریز کریں، بصورت دیگر قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔