وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی کے زیرِ استعمال بلٹ پروف بی ایم ڈبلیو گاڑی کے ٹائرز کی تبدیلی کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے لیے محکمہ خزانہ نے مطلوبہ فنڈز کے ساتھ اضافی رقم بھی جاری کر دی ہے۔

 

یہ بھی پڑھیے: سونے کی قیمت میں بڑا اضافہ: فی تولہ کتنے کا ہو گیا؟

 

وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ کی درخواست پر محکمہ خزانہ نے مجموعی طور پر ایک کروڑ 47 لاکھ 73 ہزار 760 روپے جاری کیے ہیں۔ اس رقم میں سے ایک کروڑ 42 لاکھ 50 ہزار روپے روکے گئے  جبکہ 5 لاکھ 23 ہزار 760 روپے اضافی فنڈز کی مد میں فراہم کیے گئے ہیں، جو موجودہ مالی سال کی گرانٹ کے تحت جاری کیے گئے۔

 

محکمہ خزانہ کی جانب سے جاری مراسلے کے مطابق یہ رقم 2014 ماڈل کی بلٹ پروف بی ایم ڈبلیو گاڑی کے چار ٹائرز کی خریداری کے لیے مختص کی گئی ہے۔ اس حساب سے ایک ٹائر کی قیمت 36 لاکھ 93 ہزار 440 روپے مقرر کی گئی ہے۔

 

مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ ہاؤس کی جانب سے باضابطہ درخواست کی گئی تھی کہ مذکورہ گاڑی کے ٹائرز فوری طور پر تبدیل کرنا ناگزیر ہو چکا ہے، جس پر محکمہ خزانہ نے مشروط منظوری دیتے ہوئے فنڈز جاری کیے۔

 

دوسری جانب حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ ایک عام گاڑی نہیں بلکہ آرمڈ (بلٹ پروف) گاڑی ہے، جس کے ٹائرز مخصوص نوعیت کے ہوتے ہیں اور ان کی قیمت کمپنی کے مقرر کردہ نرخوں کے مطابق ہوتی ہے۔

 

 ذرائع کے مطابق ایسے ٹائرز عام مارکیٹ یا کسی بھی مقامی وینڈر سے خریدنا ممکن نہیں ہوتا، کیونکہ اس صورت میں معیار اور ذمہ داری کا تعین مشکل ہو جاتا ہے، اسی لیے کمپنی سے براہِ راست خریداری ضروری ہوتی ہے۔

 

حکومتی ذرائع نے مزید واضح کیا کہ سکیورٹی نوعیت کی گاڑیوں کی دیکھ بھال اور مرمت کے اخراجات عام گاڑیوں کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہوتے ہیں، لہٰذا اس حوالے سے اخراجات کو اسی تناظر میں دیکھا جانا چاہیے۔