خیبرپختونخوا حکومت نے مہنگائی کے پیش نظر عوام کو ریلیف دینے کے لیے بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے صوبے بھر کے رجسٹرڈ موٹر سائیکل اور سکوٹر مالکان کے لیے ماہانہ فیول سبسڈی کا اعلان کر دیا ہے۔

 

یہ بھی پڑھیے: بنوں: کیا سی پیک اور دیگر منصوبوں کے لیے حاصل زمینوں کا معاوضہ اور ملازمتیں بکاخیل اقوام کو ملیں گی؟

 

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کے مطابق "احساس فیول سپورٹ اسکیم" کے تحت اہل شہریوں کو ہر ماہ 2000 روپے دیے جائیں گے، تاکہ پٹرول کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کا بوجھ کم کیا جا سکے۔ اس کے علاوہ موٹر سائیکل کی ملکیت کی منتقلی کی فیس بھی معاف کر دی گئی ہے، جس سے عوام کو مزید سہولت ملے گی۔

 

حکومتی حکام کے مطابق یہ سبسڈی صرف ان افراد کو دی جائے گی جن کے موٹر سائیکل یا سکوٹر رجسٹرڈ ہوں اور ملکیت ان کے نام پر ہو۔ رقم کی ادائیگی براہِ راست جاز کیش کے ذریعے کی جائے گی تاکہ شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔

 

رجسٹریشن کے لیے شہریوں کو "دستک ایپ" ڈاؤن لوڈ کر کے اس میں اپنا اکاؤنٹ بنانا ہوگا۔ اس کے بعد اپنی موٹر سائیکل یا سکوٹر کا رجسٹریشن نمبر اور چیسس نمبر درج کرنا ہوگا، جبکہ شناختی کارڈ، بائیک کارڈ اور گاڑی کی تصاویر اپ لوڈ کر کے درخواست جمع کرانی ہوگی۔ 

 

درخواست جمع ہونے کے بعد قریبی مرکز سے بائیو میٹرک تصدیق مکمل کرنا لازمی ہوگا۔

 

اپنی فیول سبسڈی حاصل کرنے کے لیے ابھی دستک ایپ ڈاؤن لوڈ کریں اور رجسٹریشن مکمل کریں: play.google.com/store/apps/det…‎

 

حکام کے مطابق درخواست منظور ہونے کے بعد اہل افراد کو ہر ماہ 2000 روپے سبسڈی باقاعدگی سے فراہم کی جائے گی۔ حکومت کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے لاکھوں شہری مستفید ہوں گے اور مہنگائی کے اثرات میں کمی آئے گی۔