ڈیرہ اسماعیل خان میں بجلی چوری، بدعنوانی اور فرائض میں غفلت کے خلاف پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو) نے بڑا کریک ڈاؤن کرتے ہوئے متعدد اہلکار معطل کر دیے اور بجلی چوروں کے خلاف سینکڑوں مقدمات درج کیے ہیں۔

 

پیسکو ذرائع کے مطابق معطل ہونے والوں میں 8 میٹر ریڈرز، 2 لائن سپرنٹنڈنٹس، ایک ایکٹنگ میٹر ریڈر سپروائزر اور ایک لائن مین شامل ہیں۔ ان پر بدانتظامی، بدعنوانی، بجلی چوری کی سرپرستی اور فرائض میں غفلت کے الزامات ہیں۔

 

یہ بھی پڑھیے: سعودی عرب: لوئر دیر کے شہری حبیب اللہ کی بیماری کے باعث وطن واپسی کے لیے مدد کی اپیل

 

یہ کارروائی ایس ای پیسکو ڈیرہ سرکل کے انجینئر حزب اللہ محسود کی رپورٹ پر پیسکو ہیڈکوارٹر پشاور کی ہدایت پر عمل میں لائی گئی۔ معطلی کے دوران تمام اہلکار روزانہ پشاور ہیڈکوارٹر کے کنفیڈنشل سیکشن میں حاضری دیں گے۔

 

انجینئر حزب اللہ محسود کا کہنا ہے کہ قومی ادارے کو نقصان پہنچانے اور بجلی چوری کی سرپرستی کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے۔ ایسے عناصر ایماندار صارفین پر اضافی بوجھ اور غیر ضروری لوڈشیڈنگ کا سبب بھی بنتے ہیں۔

 

اب تک بجلی چوروں کے خلاف سینکڑوں ایف آئی آرز درج کی جا چکی ہیں جبکہ ملوث پیسکو اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی بھی جاری ہے۔ عید کے بعد پیسکو ہیڈکوارٹر سے خصوصی انٹیلیجنس ٹیمیں ڈی آئی خان کا دورہ کریں گی تاکہ ملوث عناصر اور سہولت کاروں کے خلاف مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔

 

پیسکو حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ بجلی چوری کی روک تھام کے لیے ادارے کے ساتھ تعاون کریں اور بروقت معلومات فراہم کریں تاکہ قومی نقصان کم اور لوڈشیڈنگ میں کمی لائی جا سکے۔