سرکاری دستاویزات کے مطابق خیبرپختونخوا میں اب تک لاپتہ افراد کے سب سے زیادہ 3730 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جن میں سے 2760 کیسز نمٹا دیے گئے جبکہ 970 کیسز تاحال زیرِ تفتیش ہیں۔
دستاویز کے مطابق صوبے میں 1804 لاپتہ افراد کو ٹریس کر لیا گیا ہے، جن میں سے 707 افراد کو بحفاظت گھروں کو واپس پہنچایا گیا۔ اسی طرح 861 لاپتہ افراد انٹرنمنٹ سینٹرز میں پائے گئے جبکہ 148 افراد مختلف جیلوں میں موجود ہیں۔ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ خیبرپختونخوا میں 88 لاپتہ افراد کی لاشیں برآمد ہو چکی ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: پشاور: تھانہ پھندو کی حدود میں پولیس مقابلہ، انتہائی مطلوب اجرتی قاتل میر اسلم عرف میرو ہلاک
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں لاپتہ افراد کے کیسز کی مجموعی تعداد 10 ہزار 806 تک پہنچ چکی ہے۔ جنوری 2026 تک 9259 کیسز نمٹائے جا چکے ہیں جبکہ 1547 کیسز اب بھی زیرِ تفتیش ہیں۔
صوبوں کی تفصیل کے مطابق پنجاب میں لاپتہ افراد کے 1794 کیسز رپورٹ ہوئے، جن میں سے 1583 نمٹا دیے گئے اور 211 کیسز زیرِ تفتیش ہیں۔ سندھ میں 1868 کیسز سامنے آئے، جن میں سے 1723 نمٹائے گئے جبکہ 145 کیسز باقی ہیں۔
بلوچستان میں لاپتہ افراد کے 2917 کیسز رپورٹ ہوئے، جن میں سے 2750 نمٹا دیے گئے اور 167 کیسز زیرِ تفتیش ہیں۔ اسلام آباد میں 416 کیسز میں سے 372 نمٹا دیے گئے جبکہ 44 کیسز باقی ہیں۔
اسی طرح آزاد کشمیر میں 71 کیسز رپورٹ ہوئے، جن میں سے 61 نمٹائے گئے اور 10 کیسز زیرِ تفتیش ہیں، جبکہ گلگت بلتستان میں لاپتہ افراد کے تمام 10 کیسز نمٹا دیے گئے ہیں۔
