سیاست

لڑائی، توڑ پھوڑ اور فائرنگ: بکاخیل کے بعد لنڈی کوتل کی 20 پولنگ سٹیشنوں پر انتخابی عمل غیرمعینہ مدت تک ملتوی

بنوں کی تحصیل بکاخیل کے بعد ضلع خیبر میں بھی فائرنگ، لڑائی اور توڑ پھوڑ کی وجہ سے تحصیل لنڈی کوتل کی 20 پولنگ سٹیشنوں پر انتخابی عمل ملتوی کر دیا گیا، پولیس حکام کی طرف سے پرامن بلدیاتی انتخابات کا انعقاد یقینی بنانے کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے۔

ذرائع کے مطابق دورافتادہ علاقوں بازار ذخہ خیل، برگ، الاچہ اور کرمنہ میں قائم 20 پولنگ سٹیشنوں پر انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کے حامیوں میں بیلٹ پیپر پر تو تو میں میں کے بعد نوبت فائرنگ، ہاتھاپائی اور توڑ پھوڑ تک جا پہنچی، اس دوران مقامی تنظیم کے رضاکاروں نے بھی مداخلت کی، صورتحال انتہائی کشیدہ و گھمبیر ہونے پر انتظامیہ اور الیکشن کمیشن حکام نے مذکورہ بالا 20 پولنگ اسٹیشنوں پر بلدیاتی انتخابات کے انتخابی عمل کو غیرمعینہ مدت تک ملتوی کر دیا۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ ان پولنگ سٹیشنوں پر ری پولنگ یا دوبارہ ووٹ پول کرانے کیلئے شیڈول متوقع ہے جس کا اختیار الیکشن کمیشن آف پاکستان کے پاس ہے تاہم فوری طور پر انتخابی عمل ملتوی کر دیا گیا ہے تاکہ امن و امان کی صورتحال کو مزید بدتر ہونے سے بچایا جا سکے جبکہ حالات میں بہتری آنے کے بعد ہی مذکورہ پولنگ سٹیشنوں پر دوبارہ ووٹنگ کرائی جا سکے گی/

لنڈی کوتل انتظامیہ کے مطابق گورنمنٹ کالج فار گرلز لنڈی کوتل اور گورنمنٹ ہائی سکول پسدخیل میں بھی ہنگامہ آرائی کے باعث ووٹنگ کا عمل تعطل کا شکار رہا تاہم اسسٹنٹ کمشنر اکبر افتخار اور تحصیلدار داؤد آفریدی کی بروقت مداخلت کے باعث صورتحال پر قابو پا لیا گیا اور انتخابی عمل کو پرامن طریقے سے آگے بڑھایا گیا۔ آخری اطلاعات آنے تک لنڈی کوتل سب ڈویژن کے مذکورہ بالا علاقوں کے علاوہ دیگر مقامات پر انتخابی عمل پرامن طریقے سے مکمل کر لیا گیا اور گنتی کے عمل کی تیاریاں کی جا رہی تھیں۔ انتخابی عمل میں بڑے، نوجوانوں اور خواتین کی کثیر تعداد نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا جبکہ فاٹا انضمام کی مخالفت کرنے والی تنظیم خیبر قومی جرگہ و دیگر نے احتجاجی کیمپس لگا کر بلدیاتی انتخابات ءکا مکمل بائیکاٹ کئے رکھا۔

خیال رہے کہ اس سے قبل جے یو آئی کے رہنماء اور خیبر پختونخوا اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اکرم درانی نے الزام عائد کیا کہ بنوں کی تحصیل بکاخیل میں پی ٹی آئی کے صوبائی وزیر شاہ محمد خان نے 5 پولنگ سٹیشنوں پر دھاوا بول کرانتخابی عملے کو اغواء کر لیا اور سامان بھی ساتھ لے گئے ہیں

اکرم خان درانی کے مطابق کہ متعلقہ ڈی سی اور ڈی پی او کو تمام صورتِ حال سے آگاہ کر دیا ہے، انتظامیہ آگاہ کیے جانے کے باوجود بے بس ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button