سیاست

بلدیاتی انتخابات: جیت کی خوشی میں فائرنگ کرنے والا امیدوار اپنی ہی گولی سے جاں بحق

پشاور میں جے یو آئی ایف کے ویلج کونسل امیدوار زکریا خان جیت کی خوشی میں ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے اپنی ہی گولی لگنے سے جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ پولیس کے مطابق واقعے کی تحقیقات کے بعد مقدمہ درج کیا جائے گا۔

گزشتہ روز قبائلی ضلع خیبر بلدیاتی انتخابات کے دوران میدان جنگ بنا رہا۔ پولنگ کے دوران راکٹ حملے، فائرنگ اور خودکش دھماکے کے واقعات میں 6 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔

کوہاٹ کی تحصیل درہ آدم خیل میں بھی مسلح افراد نے پولنگ اسٹیشن پر دھاوا بول دیا، بیلٹ باکسز کو بھی آگ لگادی، وہاں زخہ خیل اور لنڈی کوتل کے پولنگ اسٹیشنز پر بھی مشتعل افراد نے حملے کیے۔

اس کے علاوہ بونیر اور نوشہرہ میں خواتین پولنگ اسٹیشن پر بھی حملہ کیا گیا تھا۔

ضلع باجوڑ کی تحصیل ماموند کے علاقہ کمرسر میں خودکش دھماکے میں 2 افرادجاں بحق اور 6 زخمی ہوگئے۔ وزیراعلیٰ کے پی کے محمود خان نےدھماکےمیں جاں بحق افراد کے ورثا کیلئے 5 ، 5 لاکھ جبکہ زخمیوں کیلئے 2، 2  لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا۔

اُدھر ضلع کرک کی تحصیل تخت نصرتی پولنگ اسٹیشن میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی اورفرار ہوگئے۔

فائرنگ میں پی ٹی آئی کے ایم این اے شاہد خٹک کے چچازاد بھائی اورانکا گن مین جاں بحق اور چارافراد زخمی ہوگئے جبکہ واقعے کے بعد پولنگ روک دی گئی۔

ضلع خیبر کی تحصیل باڑہ منڈی کس میں پولنگ اسٹیشن کے اندر فائرنگ ہوئی جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا جبکہ ایک زخمی بھی ہوگیا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button