سیاست

بکاخیل: صوبائی وزیر شاہ محمد پر 5 پولنگ سٹیشنوں پر دھاوا بولنے، پولنگ عملے کو اغوا کرنے کا الزام

جے یو آئی کے رہنماء اور خیبر پختونخوا اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اکرم درانی نے الزام عائد کیا ہے کہ بنوں کی تحصیل بکا خیل میں پی ٹی آئی کے صوبائی وزیر شاہ محمد خان نے 5 پولنگ اسٹیشنوں پر دھاوا بولا ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اکرم درانی نے الزام لگایا کہ حکمران جماعت کے صوبائی وزیر شاہ محمد خان نے 5 پولنگ اسٹیشنوں کے عملے کو اغواء کر لیا اور سامان بھی ساتھ لے گئے۔ انہوں نے کہا کہ شاہ محمد خان نے پولیس پر فائرنگ بھی کی ہے، پولنگ اسٹیشنز کے یرغمال عملے کو ایک پٹرول پمپ میں رکھا گیا۔

اکرم درانی کا کہنا ہے کہ متعلقہ ڈی سی اور ڈی پی او کو تمام صورتِ حال سے آگاہ کر دیا ہے، انتظامیہ آگاہ کیے جانے کے باوجود بے بس ہے۔

بکاخیل میں بلدیاتی انتخابات کی پولنگ ملتوی

دوسری جانب الیکشن کمیشن نے ضلع بنوں کی تحصیل بکاخیل میں بلدیاتی انتخابات کی پولنگ ملتوی کر دی۔ الیکشن کمیشن کے ترجمان کے مطابق بکاخیل میں پولنگ کی نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا، چیف الیکشن کمشنر نے اس سلسلے میں 3 رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دی ہے۔

ترجمان الیکشن کمیشن نے بتایا کہ کمیٹی مکمل تحقیقات کر کے 7 روز میں اپنی رپورٹ الیکشن کمیشن کو دے گی، کمیٹی اسپیشل سیکریٹری ظفر اقبال کی سربراہی میں بنائی گئی ہے۔ الیکشن کمیشن کے ترجمان کا ہے کہ کمیٹی میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل لاء خرم شہزاد اور ڈائریکٹر الیکشن کمیشن خیبر پختون خوا خوش حال زادہ شامل ہیں۔ دوسری جانب چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے بنوں کی تحصیل بکا خیل کے واقعے کا نوٹس لے لیا۔

بکاخیل معاملہ، کیس کی سماعت 22 دسمبر کو ہو گی، متعلقہ افسران طلب

الیکشن کمیشن میں بنوں کی تحصیل بکاخیل معاملے پر کیس کی سماعت 22دسمبر کو ہو گی۔ اتوار کو ضلع بنوں کی تحصیل بکاخیل معاملہ پر الیکشن کمیشن کا ہنگامی اجلاس چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت ہوا جس میں الیکشن کمیشن نے اس کیس کو باقاعدہ سماعت کے لئے مقرر کر دیا، سماعت بدھ 22 دسمبر کو ہو گی۔ ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق تمام شکایت کنندہ گان اور متعلقہ افسران کو طلب کر لیا گیا۔

خیال رہے کہ باجوڑ کی تحصیل ماموند کے علاقے کمرسر میں آج ایک بم دھماکے میں دو افراد جاں بحق جبکہ 6 زخمی ہوئے ہیں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button