مون سون بارشیں، پشاور کے نشیبی علاقے زیرآب آنے کا خدشہ
محکمہ موسمیات نے کل ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں مون سون بارشوں کے آغاز کی پیشگوئی کر دی، اگلے ہفتے کے دوران مون سون بارشوں کی شدت میں اضافہ توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مون سون ہوائیں رواں ہفتے کے آخر میں شدت کے ساتھ کشمیر اور شمال مشرقی پنجاب میں داخل ہوں گی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کل سے بدھ کے دوران کشمیر اسلام آباد، راولپنڈی اٹک چکوال میں آندھی و گرج چمک کے ساتھ بارش ہو گی،اس دوران جہلم، گجرات، منڈی بہاوالدین، سیالکوٹ، ناروال، گوجرانوالہ، حافظ آباد، لاہور، شیخوپورہ، قصور، اوکاڑہ، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، سرگودھا، میانوالی، خوشاب، بھکر اور لیہ میں بھی آندھی و گرج چمک کے ساتھ بارش ہو گی۔ اس دوران بعض مقامات پر موسلا دھار بارش کا بھی امکان ہے۔
اسی طرح اتوار سے بدھ کے دوران سوات، بونیر، شانگلہ، مانسہرہ ایبٹ آباد و ہری پور میں آندھی و گرج چمک کے ساتھ بارش ہو گی، اس دوران مردان، صوابی، چارسدہ، نوشہرہ، پشاور، کرم، لکی مروت، ٹانک، کرک، ڈیرہ اسماعیل خان، غذر، استور، دیامر، اسکردو، ہنزہ، نگر، گانگچھے اور کھرمنگ میں بھی آندھی و گرج چمک کے ساتھ بارش ہو گی۔ جب کہ اس دوران بعض مقامات پر موسلا دھار بارش کا بھی امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ پیر سے بدھ کے دوران ڈیرہ غازی خان، راجن پور، ملتان، ساہیوال، بہاول نگر، بہاولپور، رحیم یار خان، سبی، کوہلو، لورالائی، بارکھان، سکھر، جیکب آباد، تھرپارکر، سانگھڑ اور میرپورخاص میں بھی آندھی و گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی، اور اس دوران بعض مقامات پر موسلا دھار بارش کا بھی امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پیر سے بدھ کے دوران شدید بارش کے باعث کشمیر گلگت بلتستان، ہنجاب اور خیبر پختونخوا کے برساتی نالوں میں طغیانی اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے، جبکہ رواپنڈی، گجرانوالہ، پشاور، لاہور اور فیصل آباد کے نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے، اور اس دوران آندھی کے باعث بھی نقصان کا اندیشہ ہے، تاہم ان بارشوں کے باعث بارانی علاقوں میں پانی کی کمی دور ہونے اور پانی کے ذخائر میں بہتری کا امکان ہے، اور گرمی کی شدت میں بھی خاطر خواہ کمی ہو گی۔