خیبر پختونخواقومی

لاک ڈاون آج جزوی، کل مکمل ختم کرنے کا اعلان، بی آر ٹی بھی کھل گئی

ملک بھر میں کورونا سے متعلق اقدامات اور فیصلے کرنے والے ادارے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے تمام مارکیٹیں اور دکانیں 17 مئی سے جبکہ ٹرانسپورٹ آج سے بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

این سی او سی کا اجلاس گزشتہ روز وفاقی وزیر اور سربراہ این سی او سی اسد عمر کی سربراہی میں ہوا جس میں ملک میں کورونا وبا کی تازہ ترین صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں دکانیں اور مارکیٹیں 17 مئی سے رات 8 بجے تک کھلی رکھنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا گیا۔

این سی او سی کے مطابق تمام دفاتر نارمل اوقات کار کے تحت 17 مئی سے کھلیں گے تاہم دفاتر میں 50 فیصد حاضری رکھی جائے گی۔

اس کے علاوہ این سی او سی نے انٹر سٹی اور انٹرا سٹی ٹرانسپورٹ بحال کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے، انٹرا سٹی اور انٹر سٹی ٹرانسپورٹ 17کے بجائے 16 مئی سے بحال کی جائے گی۔

این سی او سی نے عید کے دوران ایس او پیز عملدرآمد پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ٹرینیں 70 فیصد مسافروں کے ساتھ چلانے کا فیصلہ بھی کیا۔

اجلاس میں تمام فریقین نے ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے کی کوششوں کو سراہا، عوام کی طرف سے ایس او پیز پر عملدرآمد کے اقدام کو بھی سراہا گیا۔

کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کے لیے این سی او سی کا اجلاس دوبارہ 19 مئی کو ہو گا۔

بی آر ٹی بحال

پشاور میں بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) کے انتظامیہ نے بھی آج بروز اتوار سے بس سروس دوبارہ بحال کرنے کا اعلان کیا ہے۔

بی آر ٹی ترجمان کا کہنا ہے کہ پہلے دن سروس صبح آٹھ سے رات دس بجے تک فعال رہے گی۔ ترجمان کے مطابق 17 مئی بروز پیر سے بی آر ٹی سروس اپنے عمومی اوقات کار صبح 6 سے رات 10 بجے تک فعال رہے گی۔

بی آر ٹی سروس بھی آٹھ مئی کو ملک بھر میں لاک ڈاون کے ساتھ عارضی طور پر بند کردی گئی تھی۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ بسوں میں اب بھی ماسک کے بغیر سفر کی اجازت نہیں ہوگی۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button