کورونا وائرس: عید پر تمام سیاحتی مقامات بند رکھنے کا فیصلہ
حکومت پاکستان نے عید الفطر پر کورونا وائرس کے سبب تمام سیاحتی مقامات بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ گلیات، نتھیا گلی سمیت ایبٹ آباد کے تمام سیاحتی مقامات بھی بند رہیں گے۔ ٹھنڈیانی، شملہ، ہرنو، سجی کوٹ بھی بند ہوں گے۔ کراچی والے ساحل سمندر پر بھی نہیں جا سکیں گے۔
ایبٹ آباد کے داخلی راستوں پر چودہ مقامات پر پولیس چیک پوائنٹس بنائی جائیں گی اور پولیس جوان تعینات کیے جائیں گے۔ عید کی چھٹیوں کے دوران ٹرینوں کے علاوہ ہر قسم کی پبلک ٹرانسپورٹ بند رہے گی۔ بین الصوبائی، بین الضلاعی اور شہروں کے اندر صرف پرائیوٹ گاڑیاں چلیں گی۔ سات مئی تک اضافی ٹرینیں چلائی جائیں گی، جس کے بعد 70 فیصد گنجائش کے ساتھ ٹرینیں چلتی رہیں گی۔
دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے عیدالفطر پر 6 چھٹیوں کی منظور ی دے دی۔ رواں سال عیدالفطر کی تعطیلات 10 مئی سے 15مئی تک ہوں گی جبکہ اس حوالے سے وزیراعظم عمران خان نے بھی منظوری دے دی ہے۔
وزیراعظم نے 10 سے 15 مئی تک عیدالفطر کی چھٹیوں کی منظور ی دی ہے۔ وزیراعظم کی منظوری کے بعد وزارت داخلہ نے عید الفطر کی چھٹیوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ وزارت داخلہ کے مطابق عیدالفطر کی تعطیلات کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔