قومی

پاکستان میں دو کورونا ویکسینز کے ایمرجنسی استعمال کی اجازت

پاکستان میں دو کورونا ویکسینز کے ایمرجنسی استعمال کی اجازت دے دی گئی۔ اسلام آباد میں ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کے حکام نے چار روز تک جاری رہنے والے مشاورتی اجلاس میں کورونا سے بچاؤ کے لیے سائنوفارم نامی چینی کمپنی کی ویکسین کی درآمد کی اجازت دے دی۔

ترجمان وزارت صحت کا کہنا ہے کہ چین کی سائنو فارم ویکسین کی افادیت 79 فیصد تک ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ  ویکسین کی کوالٹی اورسیفٹی کے معیارکو مدِ نظر رکھتے ہوئے اجازت نامے کا جائزہ لیا جاتا رہے گا۔ سائنو فارم سے قبل آسٹرا زینکا نامی برطانوی کمپنی کی ویکسین کی درآمد کے لیے کراچی کی ایک کمپنی کو اجازت دی گئی تھی۔

دوسری جانب عالمی وبا کورونا وائرس کے سبب پاکستان میں مزید 58 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں اور مرنے والوں کی کل تعداد 11 ہزار 55 ہوگئی ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق 24 گھنٹوں میں کورونا کے ایک ہزار 800 نئے کیسز سامنے آئے ہیں اور متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 5 لاکھ 23 ہزار 11 تک پہنچ گئی ہے۔

ملک میں کورونا 4 لاکھ 76 ہزار 471 افراد صحتیاب ہو چکے ہیں اور فعال مریضوں کی تعداد 35 ہزار 485 ہے۔ اسلام آباد میں کورونا کیسزکی تعداد 40 ہزار 177، خیبر پختونخوا میں 63 ہزار 825، سندھ میں 2 لاکھ 36 ہزار 530، پنجاب میں ایک لاکھ 50 ہزار 316، بلوچستان میں 18 ہزار 622، آزاد کشمیر میں 8 ہزار 654 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 887 افراد کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں۔

کورونا کے سبب سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں 4 ہزار 460 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ سندھ میں 3 ہزار 813، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 791، اسلام آباد میں 457، گلگت بلتستان میں 101، بلوچستان میں 190 اور آزاد کشمیر میں 243 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button