قومی

کراچی، وین میں آگ لگنے سے 15 مسافر جاں بحق

سپر ہائی وے پر نوری آباد کے قریب گزشتہ روز حیدرآباد سے کراچی آنے والی وین میں آگ لگنے سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 15 ہو گئی، تمام افراد جھلس کر جاں بحق ہوئے جن کی لاشیں ناقابلِ شناخت ہو چکی ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق میتوں کو ایدھی سرد خانے منتقل کر دیا گیا ہے، ڈی این اے رپورٹس کے بعد میتیں ورثا کے حوالے کی جائیں گی جس کے لیے نمونے لیے جا رہے ہیں۔

پولیس کے مطابق موٹر وے پر نوری آباد کے قریب وین حادثے کے وقت گاڑی میں بچوں اور خواتین سمیت 25 مسافر سوار تھے، وین سے دوسری گاڑی کا بونٹ اڑ کر ٹکرایا تھا، جس کے بعد وین کو آگ لگ گئی۔

گزشتہ روز اس حادثے میں 13 افراد جاں بحق ہو گئے تھے، اتوار کو ایک اور زخمی دوران علاج چل بسا جبکہ ایک بچی کی لاش بھی برآمد ہوئی۔

سول اسپتال انتظامیہ کے مطابق 60 سالہ عبدالرشید دوران علاج چل بسا، برنس سینٹر میں اب بھی 6 مریض زیر علاج ہیں جن کی حالت تشویش ناک ہے۔

بچی کے حوالے سے ریسکیو ذرائع نے بتایا کہ بہ ظاہر ایسا لگ رہا ہے کہ آگ سے بچانے کے لیے ماں نے بچی کو چادر میں لپیٹ لیا تھا جب خاتون کی لاش سے چادر ہٹائی گئی تو اس میں سے بچی کی لاش برآمد ہوئی ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button