قومی

پاکستان کا گوردوارہ کرتارپور صاحب دوبارہ کھولنے کا اعلان

پاکستان نے سکھوں کے مقدس عبادت گاہ گوردوارہ کرتارپور صاحب دوبارہ کھولنے کا اعلان کر دیا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ دنیا بھر میں عبادت گاہیں دوبارہ کھول دی گئی ہیں، پاکستان سب سکھ زائرین کے لئے کرتارپور گوردوارہ دوبارہ کھولنے جا رہا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت سے کہا گیا ہے کہ 29 جون سے گوردوارہ کرتارپور کھول دیا جائے گا، بھارت گوردوارہ دوبارہ کھولنے کے حوالے سے اپنی سائیڈ پر انتظامات مکمل کر لے، گوردوارہ دوبارہ مہاراجہ رنجیت سنگھ کی برسی پر کھولا جا رہا ہے۔

دوسری جانب ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کو کرتار پور راہداری 29 جون سے کھولنے پر آمادگی سے آگاہ کر دیا۔

عائشہ فاروقی نے کہا کہ کرتار پور راہداری کا افتتاح وزیر اعظم عمران خان نے گذشتہ برس 9 نومبر کو کیا تھا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بابا گرو نانک کی 550 ویں سالگرہ تقریبات کے موقع پر کرتار پور راہداری کھول کر سکھ یاتریوں اور عالمی برادری کی دیرینہ خواہس پوری کی گئی۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق کرتار پور راہداری صحیح معنوں میں امن اور مذہبی ہم آہنگی کی علامت ہے، بھارت سمیت دنیا بھر میں سکھ برادری کی جانب سے حکومت پاکستان کے اس سنگ میل اقدام کو بھرپور طور پر سراہا گیا۔

عائشہ فاروقی نے کہاکہ سکھ مزہب کے بانی اور پہلے گرو بابا گرو نانک صاحب نے اپنی زندگی کے آخری 18 برس کرتار پور میں بسر کئے۔

عائشہ فاروقی نے کہاکہ کوویڈ 19 وباء کے پیش نظر راہداری کو رواں برس 16 مارچ کو عارضی طور پر بند کیا گیا، دنیا بھر میں مذہبی مقامات آہستہ آہستہ کھل رہے ہیں۔

ترجمان کے مطابق پاکستان نے سکھ یاتریوں کے لیے کرتارپور راہداری دوبارہ کھولنے کی تیاریاں کی ہیں، صحت کے حوالے سے راہنمائی میں پاکستان نے بھارت کو راہداری کے دوبارہ کھلنے پر ایس او پیز کو حتمی شکل دینے کیلئے دعوت دے دی۔

یاد رہے کہ اکتوبر 2019 میں کرتار پور راہداری کھولنے کے لیے پاکستان اور بھارت کے درمیان تاریخی معاہدے پر دستخط ہوئے تھے۔وزیراعظم عمران خان نے کرتارپور منصوبہ ریکارڈ وقت میں مکمل کرنے پراپنی حکومت کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا تھا کہ کرتار پور روحانی پیشوا بابا گرو نانک کے 550 ویں جنم دن پر سکھ یاتریوں کے استقبال کے لیے تیار ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button