دبئی حکومت نے جولائی میں سیاحت بحال کرنے کا اعلان کردیا
دبئی حکومت نے 7 جولائی سے سیاحت بحال کرنے کا اعلان کر دیا۔ دنیا کے مختلف ممالک کی طرح کورونا وائرس کے پیش نظر دبئی میں بھی سیاحوں پرپابندی عائد کردی گئی تھی تاہم لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد دبئی حکومت نے اب سیاحوں کو آنے کی اجازت دے دی ہے۔
دبئی حکومت کے مطابق سیاح 7 جولائی سے دبئی آسکیں گے اور انہیں اپنے کورونا ٹیسٹ کی منفی رپورٹ پیش کرنا ہوگی تاہم علامات کی صورت میں سیاح کو 14 دن کا قرنطینہ کرنا ہوگا۔
اس کے ساتھ دبئی حکومت نے انٹرنیشنل ہیلتھ انشورنس بھی سیاحوں کے لیے لازم قرار دی ہے۔ دبئی حکومت کے مطابق متحدہ عرب امارات کے مستقل رہائشی بھی جون 22 سے امارات واپس آسکتے ہیں اور اماراتی مستقل رہائشی 23 جون سے بین الاقوامی سفرکرسکتے ہیں۔
دبئی حکومت نے ہدایت کی ہے کہ تمام سیاح اور مسافروں کو حفاظتی طریقہ کار پر سختی سے عمل کرنا ہوگا۔
یاد رہے کہ خیبرپختونخوا حکومت نے بھی ایس او پیز کے تحت سیاحت کے شعبے کو کھولنے کی منظوری دی ہے۔ دستاویزات کے مطابق غیر ملکی سیاحوں کا کورونا ٹیسٹ کروانا لازمی ہوگا، ہوٹل انتظامیہ سیاحوں کو ایس او پیز پر عمل درآمد کی ہدایت کرے گی۔ہوٹل اور گیسٹ ہائوس میں آنے والوں کا ٹمپریچر چیک کیا جائے گا، سیاحوں کے لیے استعمال ہونے والی گاڑیوں کا جراثیم کش سپرے کیا جائیگا۔