حادثے کے شکار طیارے کے کاک پٹ کا وائس ریکارڈر اب تک نہیں مل سکا، حکام کو تشویش
کراچی میں حادثے کا شکار ہونے والے پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائنز (پی آئی اے) کے طیارے کے کاک پٹ کا وائس ریکارڈر اب تک نہیں مل سکا ہے۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) ذرائع کے مطابق طیارے کے کاک پٹ وائس ریکارڈر کا کور مل گیا ہے لیکن وائس ریکارڈر غائب ہے جس پر تحقیقاتی حکام کو سخت تشویش ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ کاک پٹ وائس ریکارڈر تحقیقات میں مدد کے لیے اہم ترین آلہ ہے۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ طیارے کا ڈیجیٹل فلائٹ ڈیٹا ریکارڈر مل گیا ہے جسے خصوصی طیارے سے فرانس بھجوا دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ طیارہ حادثے کی تحقیقات کے لیے ائیر بس بنانے والی کمپنی کے ٹیکنیکل ایڈوائزر کی 11 رکنی ٹیم آج صبح کراچی پہنچی تھی جس نے اپنے کام کا آغاز کردیا ہے اور ٹیم نے جائے حادثہ کا دورہ بھی کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ماہرین کی ٹیم نے سول ایوی ایشن اور پی آئی اے کے متعلقہ افسران کو جائے حادثہ پر طلب کیا جب کہ سی اے اے کے فائر ڈپارٹمنٹ اور پی آئی اے کے افسران نے ٹیم کو بریفنگ دی، اس دوران ائیر کرافٹ ایکسیڈینٹ اینڈ انویسٹی گیشن کی ٹیم بھی ائیربس کی ٹیم کے ہمراہ تھی۔
ماہرین نے حادثے کے شکار طیارے کے ملبے کا معائنہ کیا، طیارے کے انجنوں، لینڈنگ گیئر، ونگز اور فلائٹ کنٹرول سسٹم کا بھی جائزہ لیا جب کہ ٹیم نے طیارہ ٹکرانے سے ٹوٹنے والے گھروں کا بھی معائنہ کیا۔ ذرائع کے مطابق ٹیم نے طیارے کے ملبے اور متاثرہ عمارتوں کی تصاویر اور ویڈیوز بنائیں۔
یاد رہے کہ 22 مئی کو پی آئی اے کا لاہور سے کراچی آنے والا طیارہ رن وے سے چند سیکنڈ کے فاصلے پر آبادی پر گر کر تباہ ہوگیا تھا جس کے نتیجے میں جہاز کے عملے سمیت 97 افراد جاں بحق جب کہ دو افراد معجزانہ طور پر بچ گئے تھے۔