خیبر پختونخوا

80سے زائد مریضوں کو ہسپتال پہنچانے والا ریسکیو اہل کار خود کورونا وائرس کا شکار ہوگیا

خیبر پختونخوا کے ضلع  مردان  کے علاقے منگاہ میں کورونا وائرس سے متاثرہ 80سے زائد مریضوں کو ہسپتال پہنچانے والا ریسکیو اہل کار  میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔

ریسکیو  ایمرجنسی میڈیکل ٹیکنیشن کے طور پر خدمات انجام دینے والے فرنٹ لائن سولجر ارشاد خان دوسرے مریضوں کو ہسپتال پہنچاتے پہنچاتے خود بھی کورونا وائرس سے متاثر ہو گئے ہیں، ارشاد خان نے یو سی منگاہ سے ایک رات میں 56 مریضوں کو ہسپتال منتقل کیا تھا۔

خیبر پختونخوا کے سیکریٹری ریلیف عابد مجید نے ریسکیو جاں باز ارشاد خان کو سلام بھی پیش کیا، انھوں نے میڈیا کو بتایا کہ ارشاد خان کو علاج کے لیے بہترین سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔

ڈائریکٹر ریسکیو 1122 خطیر احمد کا کہنا تھا کہ مشکل کی گھڑی میں جوانوں کی کارکردگی قابل ستائش ہے، ریسکیو کے جوان اپنی جانوں کی پروا کیے بغیر عوام کو بہترین خدمات فراہم کر رہے ہیں۔ انھوں نے ارشاد خان سے ٹیلی فونک رابطہ کر کے ان کی خیریت بھی دریافت کی اور جلد صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

چیف سیکریٹری خیبر پختونخواکی جانب سے ریسکیو اہل کار ارشاد خان کو پھولوں اور پھلوں کا تحفہ بھی پہنچایا گیا۔ واضح رہے کہ خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد بڑھ کر 8,080 ہو گئی ہے، جن میں سے 5,143 مریض زیر علاج ہیں، اور 408 مریض اب تک جاں بحق ہو چکے ہیں جب کہ 2529 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button