خیبر پختونخواقومی

‘محکمہ موسمیات عید کے چاند کی پیش گوئی سے گریز کرے’

مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے محکمہ موسمیات کو شوال کے چاند کی پیش گوئی  کرنے سے  روک دیا ہے۔

وزارت مذہبی امور کے اعلامیے کے مطابق شوال المکرم کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 23 مئی کو کراچی میں ہوگا۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ  زونل اور ضلعی رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس متعلقہ ہیڈکوارٹرز میں ہوں گے۔

وزارت مذہبی امور کے مطابق مرکزی رویت ہلال کمیٹی کی جانب سے محکمہ موسمیات کو پیش گوئی سے روکا گیا ہے اور ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ محکمہ موسمیات چاند سے متعلق کوئی پیش گوئی نہ کرے۔

مرکزی رویت ہلال کمیٹی کی جانب سے محکمہ موسمیات کو چاند دیکھنے کیلئے رویت ہلال کمیٹی کی معاونت کرنے کی ہدایت کی گئی ہے

واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے پہلے ہی شوال کے چاند کے حوالے سے پیشن گوئی کی ہے اور شوال کا چاند 23 مئی بروز ہفتہ نظر نہ آنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے جاری کردہ بیان کے مطابق 22 مئی بروز جمعہ کو چاند کی پیدائش پاکستانی وقت کے مطابق رات 10 بج کر 39 منٹ پر ہوگی جس کا مطلب ہے کہ 23 مئی کو عید الفطر کے چاند کے نظر آنے کا امکان بہت کم ہوگا جب کہ اس دن ملک کے زیادہ تر علاقوں میں موسم بھی ابر آلود رہے گا۔

واضح رہے کہ امسال بھی ملک میں رمضان کی چاند کے رویت پر اختلافات سامنے آئے تھے جس کی وجہ سے مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے 25 اپریل سے پہلا روزہ رکھنے کا اعلان کیا تھا جبکہ پشاور کے مسجد قاسم علی خان کی مقامی کمیٹی نے 23 اپریل کو چاند نظر آنے اور 24 اپریل سے پہلا روزہ رکھنے کا اعلان کیا تھا۔

شوال کا چاند دیکھنے کے لئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی 23 مئی کو اجلاس کرے گی جب کہ پشاور کے مسجد قاسم علی خان کے زیر نگرانی یہ اجلاس 22 مئی یعنی 29 رمضان ہوگا۔

22 مئی کو چاند نظر نہ آنے کی صورت میں مسجد قاسم علی خان کے اعلان پر روزہ رکھنے والے 24 مئی کو 30 روزے پورے ہونے پر عید منائیں گے

 

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button