قومی

امریکا میں پھنسے پاکستانیوں کی وطن واپسی کے لیے پی آئی اے کی پرواز روانہ ہوگئی

امریکا میں پھنسے پاکستانیوں کی وطن واپسی کے لیے پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائنز (پی آئی اے) کی پہلی خصوصی پرواز  پاکستان کے لیے روانہ ہو گئی ہے۔ قومی ائیر لائن کی خصوصی پرواز  پی کے 8722 کے ذریعے 200 پاکستانیوں کو واشنگٹن سے اسلام آباد لایا جا رہا ہے۔

روانگی کے وقت پاکستان کے سفیر اسد مجید افتتاحی پرواز کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ائیرپورٹ پر موجود تھے۔ انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے اسد مجید کا کہنا تھا کہ پاکستانیوں کی محفوظ وطن واپسی اولین ترجیح ہے، پاکستانی سفارتخانہ وطن واپسی کے خواہشمند پاکستانیوں کی ہر ممکن مددکر رہا ہے۔

انھوں نے کہا کہ مزید چارٹرڈ فلائٹس کا بندوبست بھی کیا گیا ہے تاکہ تمام پاکستانی بحفاظت وطن واپس پہنچ سکیں جب کہ سفارت خانے اور قونصل خانوں میں قائم ہیلپ لائنیں فلائٹ آپریشن مکمل ہونے تک کام کرتی رہیں گی۔

اسد مجید نے بتایا کہ  امریکا سے دوسری چارٹرڈ پرواز 150 پاکستانی طلبہ کو لےکر کل روانہ ہو گی جب کہ ایک اور خصوصی پرواز ڈیلاس ائیرپورٹ سے 13 مئی کو کراچی کے لیے روانہ ہوگی۔ انھوں نے مزید بتایا کہ مستقبل قریب میں نیویارک ائیرپورٹ نیوجرسی سے پرواز لاہور روانہ ہوگی، پروازوں کے وقت اور تاریخ کا اعلان وقت کے ساتھ ساتھ کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ 30 اپریل  کو تاریخ میں پہلی مرتبہ قومی ایئر لائن پی آئی اے کو امریکا کے لیے براہ راست پروازیں چلانے کی اجازت مل گئی تھی۔

یہ بھی واضح رہے کہ کورونا وائرس کے باعث دنیا بھر میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے مختلف ممالک میں ہزاروں پاکستانی پھنسے ہوئے ہیں جن کی واپسی کے لیے حکومت کی جانب سے وقفے وقفے سے خصوصی پروازیں چلائی جارہی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق طویل مدت بعد پی آئی اے کی نان سٹاپ یعنی براہ راست پرواز امریکا سے پاکستان  آرہی ہے اور اسلام آباد سے واشنگٹن پرواز کا دورانیہ 14 گھنٹے 30 منٹ ہوگا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button