قومی

پاکستان میں کورونا وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 21 ہو گئی

ملک بھر میں کورونا وائرس کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 1650 ہو گئی جبکہ وائرس سے 21 افراد جاں بحق اور 28 صحت یاب ہو چکے ہیں۔

وفاقی وزیر صحت کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 1650 ہوگئی جن میں سے 11 کی حالت تشویش ناک ہے، پنجاب میں 618، سندھ میں 508، بلوچستان میں 144، خیبر پختونخوا میں 200، گلگت بلتستان میں 128، اسلام آباد میں 51 جب کہ آزاد کشمیر 6 میں مریض زیر علاج ہیں۔

واضح رہے کہ کورونا وئرس کی وجہ سے جاں بحق ہونے والے حالیہ مریضوں کی تفصیلات تاحال جاری نہیں کی جا سکی ہیں۔

یہ بھی خیال رہے کہ اس سے قبل آج ہی کورونا وائرس نے ایک ہی روز میں 5 زندگیاں نگل لیں جس کے بعد ملک بھرمیں وائرس سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 17 تک جا پہنچی تھی۔

پنجاب کے شہر رحیم یار خان میں کورونا وائرس سے 68 سالہ خاتون جاں بحق ہوگئی جس کے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 6 تک جاپہنچی۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ سعودی عرب سے آنے والی 68 سالہ خاتون رحیم یارخان میں زیر علاج تھی جہاں اتوار کو وہ انتقال کرگئیں۔

اس سے قبل گزشتہ روز ہی مہلک وائرس سے سندھ میں 2 افراد جان کی بازی ہارگئے جس کے بعد صوبے میں مجموعی طور پر تیسری ہلاکت ہے جبکہ خیبرپختونخوا کے ضلع ایبٹ آباد میں بھی ایک شخص جاں بحق ہوا اور یہ صوبے میں 5 ویں موت ہے۔

اس کے علاوہ ایک ہلاکت گلگت بلستان میں بھی ہوئی جہاں محکمہ صحت کا ملازم مہلک وائرس کا شکار بن گیا اور یہ گلگت میں مہلک وائرس سے دوسری موت ہے۔

اتوار کے روز ملک میں 96  نئے کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں جن میں سے پنجاب میں 36،  سندھ میں 33، گلگت بلتستان میں 12، خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر اور اسلام آباد میں 4، 4 جبکہ بلوچستان میں 3 مریضوں میں مہلک وائرس کی تصدیق ہوئی۔

نئے کیسز کی تصدیق کے بعد ملک میں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 1600 تک جاپہنچی ہے جبکہ پاکستان میں مہلک وائرس سے متاثرہ 31 افراد اب تک صحت یاب ہو چکے ہیں جن میں سے 14 کا تعلق سندھ، 6 کا گلگت بلتستان، 5 کا پنجاب سے ہے جب کہ اسلام آباد، خیبر پختونخوا اور بلوچستان سے بھی 2، 2 افراد صحت مند ہوچکے ہیں۔ نیشنل ڈیزاسٹر میمنٹک اتھارٹی (این ڈی ایم اے ) نے ملک بھر کے متاثرہ علاقوں میں جراثیم کش سپرے کرانے کا اعلان کیا ہے۔

دوسری جانب وزیراعظم کے معاون خصوصی ظفر مرزا نے کہا ہے کہ پاکستان میں کورونا کے مشتبہ افراد کی تعداد بارہ ہزار سے زائد ہوگئی ہے۔ پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں مسلسل اضافے کے بعد چاروں صوبے لاک ڈاؤن کا اعلان کرچکے ہیں جب کہ ملک بھر میں فوج تعینات ہے۔ آزاد کشمیر میں بھی 24 مارچ سے 3 ہفتوں کا لاک ڈاون شروع ہو چکا ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button